ممبئی : غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی چوتھے دن بھی جاری

ممبئی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے ایک پب میں گزشتہ دنوں آتشزدگی کے واقعہ کے بعد برہیمن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی جانب غیرقانونی تجارتی ادارے، ہوٹلس، ریسٹورنٹس اور دیگر تجارتی اداروں کے خلاف کارروائی بدستور آج چوتھے دن میں جاری رہی۔ بی ایم سی کمشنر اجئے مہتا کی ہدایت پر آج صبح ٹوڈی مِل اور رگھوونشی ملز کے علاقوں میں کارروائی انجام دی گئی۔ گزشتہ تین دنوں سے علاقہ میں موجود غیرقانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی کارروائی جاری ہے اور اُنھوں نے مزید کہاکہ اس طرح کی کارروائی بدستور جاری رہے گی۔ بی ایم سی نے تاحال 355 غیر مجاز طریقے سے تعمیر کی گئی عمارتوں کو منہدم کردیا ہے۔ جبکہ مجلس بلدیہ نے مجموعی طور پر اب تک 615 ہوٹلس، ریسٹورنٹس اور دیگر تجارتی اداروں کی تنقیح کی ہے جس میں سے 355 ہوٹلس، ریسٹورنٹس اور پب کے خلاف قانونی کارروائی انجام دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات سے 426 ایل پی جی سلینڈرس بھی ضبط کئے گئے۔واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل مذکورہ علاقہ میں ایک پب میں آتشزدگی کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں 14 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے تھے۔