ممبئی غیرملکیوں کیلئے میلبورن اور فرینکفرٹ سے مہنگا

ہانگ کانگ دنیا کا گراں ترین شہر ، مصارف ِ زندگی پر عالمی سروے
ممبئی ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) غیرملکیوں کے مصارفِ زندگی کے اعتبار سے ’’ممبئی‘‘ اس ملک کا سب سے ’’مہنگا شہر‘‘ ہے۔ علاوہ ازیں میلبورن اور فرینکفرٹ جیسے سرکردہ عالمی شہروں سے بھی زیادہ گراں ہے۔ عالمی مشاورتی ادارہ مرسر (Mercer) کی طرف سے2018ء میں مصارفِ زندگی پر کئے گئے سروے کے مطابق ہندوستان کا تجارتی و مالیاتی صدر مقام (ممبئی) عالمی مصارف زندگی کی فہرست میں 55 ویں مقام پر رہا ہے جو میلبورن (58) اور فرینکفرٹ (68)، بیونس ایریز (76)، اسٹاکہوم (89) اور اٹلانٹا (95) سے بھی اوپر ہے۔ اس سروے میں ہندوستان کے دیگر شہر دہلی (103)، چینائی (144)، بنگلورو (170) بھی شامل ہیں اور ان کے مقابلے کولکتہ 182 ویں مقام کیساتھ سب سے کم مہنگا شہر ہے۔ اس سروے نے کہا کہ ’’میلبورن اور بیونس ایریز کی رینکنگ میں کمی ہوئی ہے، لیکن ممبئی کی رینکنگ میں اُچھال آیا ہے جس کی وجہ غذا، الکحل اور گھریلو رسدات کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ ہانگ کانگ غیرملکیوں کیلئے دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے۔