ممبئی سے آج تلنگانہ اور اے پی کے عازمین کی روانگی

اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کی راست نگرانی میں خصوصی انتظامات
حیدرآباد۔/28ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے 73 عازمین 29ستمبر کی صبح ممبئی سے سعودی ایرلائنس کے ذریعہ جدہ روانہ ہوں گے۔ ان عازمین کا ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا اور حیدرآباد سے علحدہ پرواز نہ ہونے کی صورت میں انہیں حج کمیٹی نے اپنے اخراجات پر ممبئی روانہ کیا۔ آر ٹی سی کی 3 خصوصی بسوں سے یہ عازمین کل رات دیر گئے ممبئی پہنچے جہاں ان کا قیام ممبئی حج ہاوز میں ہے۔ ان کے ہمراہ ڈاکٹرس کی ٹیم بھی روانہ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی کے ملازمین بھی ساتھ روانہ ہوئے ہیں تاکہ ان کی روانگی کے انتظامات کی تکمیل کرسکیں۔ ریاستی حج کمیٹی نے عازمین کے قیام و طعام کے انتظامات کئے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ممبئی پہنچنے والے تمام عازمین خیریت سے ہیں اور وہ روانگی کی تیاریوں میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے علاوہ دیگر 7ریاستوں کے ویٹنگ لسٹ کے عازمین بھی 29ستمبر کی دو آخری فلائیٹس سے روانہ ہوں گے۔ ہندوستان سے عازمین حج کی یہ آخری پروازیں ہوں گی۔ ویٹنگ لسٹ کے ان عازمین کی روانگی اوردیگر انتظامات پر ریاستی حج کمیٹی کو تقریباً 2لاکھ روپئے سے زیادہ کے اخراجات برداشت کرنے پڑ رہے ہیں تاہم کمیٹی نے عازمین حج کی روانگی کو یقینی بنانے کیلئے زائد رقم خرچ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آر ٹی سی کو ہر بس کیلئے 72ہزار روپئے ادا کئے گئے اور ممبئی حج ہاوز میں قیام کے دوران تین وقت کے کھانے کیلئے سنٹرل حج کمیٹی کو فی عازم 150 روپئے ادا کئے گئے ہیں۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ ممبئی سے روانہ ہونے والے عازمین کی واپسی ممبئی سے ہی ہوگی اور ممبئی سے حیدرآباد منتقلی کیلئے حج کمیٹی کی جانب سے بسوں کا انتظام کیا جائے گا۔ ان عازمین حج کی روانگی کے انتظامات کی نگرانی کیلئے ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی کو ممبئی روانہ کیا جارہا ہے۔