ممبئی دہشت گرد حملہ : پاکستان نے 8 ملزمین کی آواز کے نمونے حوالے نہیں کئے

نئی دہلی ۔ 4 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے 26/11 ممبئی دہشت گرد حملہ کی سازش تیار کرنے والے آٹھ ملزمین کی آواز کے نمونے ہنوز ہندوستان کے حوالے نہیں کئے ہیں۔ منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ ہری بھائی پرتھی بھائی چودھری نے لوک سبھا کو بتایا کہ آٹھ ملزمین کی آواز کے نمونے ذریعہ مکتوب پاکستان سے طلب کئے گئے تھے ۔ پاکستان نے اب تک ان قانونی مکتوبات کی تعمیل نہیں کی ہے ۔ ہندوستان نے مختلف فورمس بشمول وزارت داخلہ ، معتمدین داخلہ و خارجہ سطح کے مذاکرات کے دوران یہ مسئلہ اُٹھایا ہے ۔

 
پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کرنے ہندوستان کی مشروط آمادگی
ودودرا ۔ 4 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی جانب سے 163 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کرنے کے پس منظر میں پولیس نے کہا کہ گجرات کی دوارکا جیل میں موجود پڑوسی ملک کے ماہی گیروں کو اسی صورت میں رہا کیا جائیگا جب مرکز ان کی قومیت کے بارے میں توثیق کرے۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس جگدیش پٹیل نے کہاکہ دوارکا جیل میں اس وقت 25 ماہی گیر ہیں ان میں حکومت پاکستان کی جانب سے 9 ماہی گیروں کی قومیت کی توثیق ہونی ہے ۔ مابقی 16 ماہی گیروں کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی ۔ انھوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کو اس ضمن میں اطلاع ملنے کے بعد ہی رہائی ممکن ہے ۔