ممبئی دھماکوں کیلئے 12 افراد مجرم قرار دے دیے گئے

ممبئی ۔ 11 ۔ ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی میں 2006 میں ہونے والے تباہ کن بم حملوں کیلئے 12 افراد کو مجرم قرار دیا گیا ہے۔ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے 13ویں ملزم عبدالواحد شیخ کو بری کر دیا ہے جبکہ باقی مجرموں کو پیر کے روز سزائیں سنائی جائیں گی۔یہ حملے 11 جولائی 2006 کو کیےگئے تھے اور ان میں بیک وقت سات مقامی ٹرینوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نیتجے میں 189 افراد ہلاک اور 800 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔دھماکے مضافاتی ٹرینوں کے پہلے درجے کے کمپارٹمنٹ میں رکھے گئے پریشر ککر بموں سے کروائے گئے تھے.سماعت کے بعد سرکاری وکیل نے عدالت کے باہر موجود نامہ نگاروں کو بتایا، ’12 ملزمان کو مکوکا کے تحت مجرم پایا گیا ہے۔ اس میں موت کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔ سزا کے بارے میں پیر کو بحث ہوگی، اس کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔‘جن لوگوں پر جرم ثابت ہوا ہے ان میں کمال احمد انصاری، تنویر احمد انصاری، محمد فیصل شیخ، احتشام صدیقی، محمد ماجد، شیخ عالم، محمد ساجد، مزمل شیخ، سہیل محمود، ضمیر شیخ، نوید حسین اور آصف خان شامل ہیں۔اس مقدمے کی سماعت گزشتہ برس اگست میں مکمل ہو گئی تھی۔