اسلام آباد۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) استغاثہ نے 2008ء کے ممبئی حملوں میں ملوث سات ملزمین بشمول ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمن لکھوی کے کیس ریکارڈ نہ پیش کرنے پر پاکستان کی انسداد دہشت گردی عدالت کو مسلسل چوتھی بار سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ 15 اپریل مقرر کرنی پڑی۔ دریں اثناء انسداد دہشت گردی عدالت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مسلسل چوتھی بار اس کیس کی سماعت نہیں ہوسکی کیونکہ کیس کا ریکارڈ ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت کے خلاف حکومت کی داخل کردہ درخواست کے ساتھ ہنوز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 14 ڈسمبر میں لکھوی کی ضمانت منظور ہونے کے بعد اب تک کوئی سماعت نہیں ہوئی ہے کیونکہ حکومت نے ایک بار اسے عوامی تحفظ ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا تھا۔ راولپنڈی کی انتہائی سکیورٹی والی آڈیالا جیل سے اسے رہا کیا ہی جانے والا تھا کہ اسے 2009ء میں ایک افغان شہری کے اغوا معاملہ میں ملوث ہونے کی پاداش میں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا، البتہ اس نے اغوا معاملہ میں بھی ضمانت پر رہائی حاصل کرلی تھی۔