انسداد دہشت گردی ورکشاپ منعقد ہوئے تھے
واشنگٹن ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ممبئی میں 2008 میں ہوئے دہشت گرد حملوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے امریکہ کے زائد از 30 شہروں میں انسداد دہشت گردی بیداری ورکشاپس گذشتہ چھ سالوں کے دوران منعقد کئے گئے تاکہ خوفناک صورتحال کا سامنا کرنے اور ان سے نمٹنے کے گر سیکھے جائیں ۔ کانگریس مین مائیک فٹنرپیٹرک نے کہا کہ 2008 میں ہم نے دیکھا کہ ایک بدنام زمانہ دہشت گرد گروپ کے کچھ ارکان نے انتہائی منظم انداز میں ممبئی شہر کے کئی مقامات پر دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیں ۔ لہذا اس اندوہناک واقعہ کے بعد ہماری وفاقی حکومت نے بھی یہ فیصلہ کیا کہ اس نوعیت کے واقعات اگر بالفرض یہاں پیش آئیں تو اس سے نمٹنے کی تیاری کس طرح کی جائے ۔ اس نکتے کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے مختلف شہروں میں بیداری ورکشاپس منعقد کئے ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2011 سے اب تک 30 شہروں میں اس نوعیت کے ورکشاپس منعقد کئے گئے ۔ فٹنرپیٹرک کے مطابق ممبئی میں پاکستان کی لشکر طیبہ کے دہشت گرد حملوں کے بعد جس میں زائد از 160 افراد ہلاک ہوئے تھے ، فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی ، نیشنل کاونٹر ٹیرازم سنٹر اور ایف بی آئی نے مشترکہ طور پر انسداد دہشت گردی بیداری ورکشاپس منعقد کئے ۔