ممبئی تاریکی میں غرق ، تکنیکی خرابی کی وجہ سے برقی مسدود

ممبئی ۔ 2 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے تجارتی دارالحکومت ممبئی کے بیشتر علاقوں میں آج صبح سے برقی سربراہی مسدود رہی۔ ٹاٹا پاور کمپنی نے تکنیکی خرابی کی وجہ سے کئی پیداواری یونٹ کو بند کردیا تھا جس کی وجہ سے رات دیر گئے تک بھی صارفین کو راحت نہ مل سکی۔ ہائیڈرو اسٹیشن کے ذریعہ جزوی برقی کو بحال کیا جاسکا اس کے علاوہ کمپنی نے ہنگامی صورتحال کیلئے رکھے گئے یونٹ 6 کو بھی کارکرد بنادیا ہے ۔ یہ یونٹ تیل کے ذریعہ چلتا ہے ۔ ان سب کے باوجود برقی سربراہی کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکی اور توقع ہے کہ کل صبح تک برقی کی سربراہی معمول پر آسکے گی۔ ٹاٹا پاور پلانٹ واقع ترومبے کے یونٹ 5 میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی تھی جس کی وجہ سے کمپنی کو کئی فیڈرس بند کردینے پڑے ۔

یہ پاور پلانٹ 500 میگاواٹ کا ہے ۔ اس خرابی کی وجہ سے جنوبی ممبئی کے پاریل، مہالکشمی ، دھراوی ، چمبور اور گرانٹ روڈ علاقہ میں برقی سربراہی مسدود ہوگئی ۔ اس کا اثر دیگر برقی لائینس پر بھی مرتب ہوا جو شہر کے مختلف مقامات کو برقی سربراہ کرتی ہے۔ ریاست کے دیگر حصوں میں اگرچہ برقی دستیاب تھی لیکن ٹرانسمیشن نیٹ ورک کے اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے شہر کو برقی درآمد کرنا ممکن نہیں تھا ۔ سرکاری برقی سربراہ کرنے والے ادارے بیسٹ نے دادر ، ماہم اور دیگر علاقوں میں بتدریج لوڈ شیڈنگ جاری رکھی ۔ بیسٹ نے کہا کہ اہم دواخانوں کو بغیر کسی خلل اندازی کے برقی سربراہی یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گنیش منڈلوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ برقی کم سے کم استعمال کریں اور رات میں متبادل انتظامات کرلیں۔ اس دوران ریلائنس انفراسٹرکچر جو مغربی مضافاتی علاقوں میں برقی سربراہ کرتی ہے، کے ترجمان نے کہا کہ ٹاٹا پاور کے یونٹ 5 میں تکنیکی خرابی اور ٹرانسمیشن سسٹم میں رکاوٹوں کی وجہ سے شہر کو برقی سربراہ نہیں کی جارہی ہے۔