نئی دہلی 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ وہ آسیان، مشرقی ایشیاء چوٹی کانفرنس اور G-20 کے دوران بین الاقوامی قائدین سے ملاقاتوں کے منتظر ہیں۔ وہ 3 ممالک میں اِن چوٹی کانفرنسوں میں شرکت کریں گے۔ میانمار، آسٹریلیا اور فیجی میں 11 تا 19 نومبر یہ چوٹی کانفرنسیں مقرر ہیں۔ اپنے دورۂ آسٹریلیا کو خصوصی اور تاریخی قرار دیتے ہوئے مودی نے کہاکہ ہندوستان کا کوئی بھی وزیراعظم 28 سال بعد آسٹریلیا کا دورہ کررہا ہے۔ اپنے دورۂ آسٹریلیا کے موقع پر مودی وہاں کی اعلیٰ سطحی قیادت سے ملاقات کریں گے اور اُنھیں آسٹریلیا کی پارلیمنٹ سے خطاب کا موقع حاصل ہوگا جو ایک اعزاز ہے۔ اپنے ٹوئٹر پر نریندر مودی نے کہاکہ یکم نومبر سے وہ میانمار، آسٹریلیا اور فیجی کے سفر پر ہوں گے تاکہ مختلف چوٹی کانفرنسوں اور باہمی ملاقاتوں میں شرکت کرسکیں۔ میانمار میں وہ دو کلیدی کثیر جہتی چوٹی کانفرنسوں آسیان اور مشرقی ایشیاء چوٹی کانفرنسوں میں شرکت کریں گے۔ وہ اِن چوٹی کانفرنسوں میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی قائدین سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ G-20 چوٹی کانفرنس میں وزیراعظم نے کہاکہ اُنھیں ہندوستان میں دنیا بھر کیلئے دستیاب مواقع کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔ وہ G-20 قائدین کے ساتھ پوری دنیا سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ خاص طور پر عالمی معیشت سے متعلق مسائل پر بات چیت ہوگی۔ آسٹریلیا میں مودی نے کہاکہ وہ آسٹریلیا میں مقیم ہندوستانی برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کے منتظر ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کرکٹ آسٹریلیا اور ہندوستان کا مشترکہ پسندیدہ کھیل ہے۔ وہ وزیراعظم آسٹریلیا ٹونی ایبارٹ کے مشکور ہیں کہ اُنھوں نے افسانوی ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر اُن کے اعزاز میں استقبالیہ ترتیب دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پہلی عالمی جنگ کے دوران ہندوستان اور آسٹریلیا شانہ بشانہ جنگ کرچکے ہیں۔ وہ وزیراعظم آسٹریلیا ٹونی ایباٹ کے ساتھ جنگ کی یادگار پر بھی حاضری دیں گے۔ میانمار کو ایک قابل قدر دوست قرار دیتے ہوئے مودی نے کہاکہ میانمار کے قائدین سے ملاقاتوں کے نتیجہ میں ہندوستان اور میانمار کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے جو ہندوستان کی اوّلین ترجیح ہے۔ مشرقی ایشیاء کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اِس علاقہ سے ہمارے تعلقات بہت گہرے ہیں۔ آسیان ممالک کے تعلقات کا استحکام ہندوستان کے لئے اہمیت رکھتا ہے۔