ملیشیا میں ’’جعلی خبریں‘‘ کے انسداد کا قانون منظور

کوالالمپور ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ملیشیا نے آج پارلیمنٹ میں جعلی خبروں کے انسداد کا قانون منظوری کیلئے پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔ اس قانون کے تحت اعظم ترین 6 سال کی سزائے قید دی جاسکتی ہے۔ مختلف گوشوں کی جانب سے ناقدین نے اس قانون کی مخالفت کی ہے۔ یہ قانون غیرملکی مقامی ذرائع ابلاغ دونوں کے خلاف ہے۔ سمجھا جاتا ہیکہ یہ تنقید کی آوازوں کو خاموش کردینے کے سرکاری منصوبے کا ایک حصہ ہے۔ وزیراعظم نجیب رزاق کا انتظامیہ حال ہی میں شدید تنقید کا نشانہ بن گیا تھا جس میں وزیراعظم کے کئی اسکینڈل کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ توقع ہیکہ آئندہ چند ہفتوں میں ملیشیا میں عام انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ نئے قانون کو عوام کو ترغیب دینے کی ایک حکمت عملی بھی سمجھا جارہا ہے۔ ابتداء میں قانون کے تحت اعظم ترین 10 سال سزائے قید اور 5 لاکھ رنگت (ملیشیائی کرنسی جو ایک لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر کے مساوی ہوتی ہے) تجویز کی گئی تھی۔