کوالالمپور، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملیشیا میں جیل میں قیدلیڈر انور ابراہیم کو آج معافی بورڈ نے معافی دے دی اور وہ اس اسپتال سے باہر آ گئے ہیں جہاں ان کا علاج کیا جا رہا تھا۔ سیاہ سوٹ پہنے اور ٹائی لگا کر جب وہ اسپتال سے باہر نکلے تو ان کے حامیوں نے ان کا زوردار خیر مقدم کیا۔ ان کے ساتھ ان کے لواحقین، وکیل اور سیکورٹی اہلکار بھی تھے ۔ ان کے وکیل شورسا رسیا نے بتایا کہ معافی بورڈ نے پہلی ملاقات میں انہیں معافی دے دی تھی اور اب ملیشیا کے شاہ نے بھی مکمل معافی دے دی ہے ۔ اس کا مطلب ہے کہ انہیں پہلے جن معاملات میں مجرم پایا گیا تھا وہ تمام معاملے ختم کر دیئے گئے ہیں۔