کوالا لمپور 29 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ملیشیائی ائرلائینس کے طیارہ MH370 کے گذشتہ سال مارچ میں پراسرار طور پر لاپتہ جاونے کو آج ایک حادثہ قرار دیدیا گیا ۔ اس سے وہ قانونی ضرورت پوری ہوگئی جس کے نتیجہ میں 239 افراد بشمول پانچ ہندوستانیوں کے لواحقین اب معاوضہ طلب کرنے کے اہل ہونگے ۔ ملیشیائی شہری ہوابازی کے سربراہ اظہر الدین عبدالرحمن نے ایک پہلے سے ریکارڈ کردہ بیان میں کہا کہ وہ بہت بھاری دل اور شدید غم کے ساتھ سرکاری طور پر یہ اعلان کرتے ہیں کہ ملیشیا ائر لائینز کا طیارہ MH370 جو لاپتہ ہوگیا تھا وہ حادثہ ہے ۔ انہوں نے ملیشیائی ٹی وی پر پیش کئے گئے اپنے بیان میں کہا گیا کہ طیارہ میں سوار تمام 239 مسافرین اور مابقی عملہ کے ارکان کے تعلق سے فرض کرلیا گیا ہے کہ وہ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ بین الاقوامی کوششوں کے باوجود بیجنگ جانے پرواز بھرے اس طیارہ کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔