ملیا سے قرضوں کی وصولی کیلئے برطانوی حکام سے تعاون

نئی دہلی 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے منیجنگ ڈائرکٹر (ایم ڈی) اریجیت باسو نے آج کہاکہ ہندوستانی بینکس وجئے ملیا کے زیادہ سے زیادہ اثاثے برآمد کرنے کے لئے برطانوی حکام کے قریبی تعاون سے کام کررہے ہیں جنھیں ایک برطانوی عدالت نے شراب کے مفرور تاجر کی جائیدادوں کی تلاشی لینے اور اُنھیں ضبط کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ باسو نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’عدالت کے حکم سے ہمیں خوشی ہوئی ہے۔ اس قسم کے حکم کے ذریعہ ہم اثاثوں کی تلاشی لیتے ہوئے اُنھیں ضبط کرسکتے ہیں‘۔ اُنھوں نے واضح تعداد کی نشاندہی کئے بغیر کہاکہ ’’ہم اپنی رقم کا قابل لحاظ حصہ برآمد کرسکتے ہیں‘‘۔ برطانوی انفورسمنٹ حکم کا دنیا بھر میں اطلاق ہوسکتا ہے اور ہندوستانی بینکس کی مکمل وصولی کی کوشش کررہے ہیں۔ جائیدادوں کی مالیت کا پتہ چلانے ایک تخمینہ کار کا تقرر کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں قرض کی بازیابی کے سوال پر باسو نے جواب دیا کہ ملیا کے ہندوستانی اثاثوں کے ہراج کے ذریعہ 13 بینکوں کے اتحاد کو 963 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں جبکہ اُنھیں شراب کے اس مفرور تاجر سے تقریباً 9000 کروڑ روپئے کے قرض کی وصولی مطلوب ہے۔
کانسٹبل کی اغوا کے بعد ہلاکت
سری نگر 6جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں جنگجوؤں نے جموں وکشمیر پولیس کے ایک کانسٹیبل کو اغوا کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کردیا ہے ۔ مہلوک پولیس کانسٹیبل کی شناخت ویہل شوپیان کے رہنے والے جاوید احمد ڈار ولد عبدالحمید ڈار کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ جاوید کی لاش جمعہ کی صبح پڑوسی ضلع کولگام کے پاری ون نامی گاؤں سے برآمد کی گئی۔