مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکرکا ادعا
نئی دہلی۔/20جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں سال 2014 کے دوران شیروں کی آبادی میں 2,226 تک پہنچ گئی ہے اور سال 2010سے اب تک 30فیصد اضافہ ہوا ہے۔ شیرشماری کی تازہ رپورٹ میں یہ اطلاع دی گئی ہے۔ وزیر ماحولیات پرکاش جاویڈکر نے آج ملک بھر میں شہروں کے اعداد و شمار پر ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ شیروں کی آبادی میں اضافہ ہماری کامیابی کا ثمرہ ہے۔ اگرچیکہ دنیا بھر میں جنگلی جانوروں کی آبادی گھٹ رہی ہے لیکن ہندوستان میں اضافہ ہورا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سابق شیر شماری میں ان کی تعداد 1,706 تھی اور حالیہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان میں شیروں کی آبادی 2,226 تک پہنچ گئی ہے ۔ اس طرح ہم نے شیروں کی حفاظت کے ذریعہ ان کی آبادی میں 30فیصد تک اضافہ کردیا ہے ۔ یہ ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔ سال 2010 میں شیروں کی جملہ آبادی 1,706تھی جبکہ سال 2006ء میں ان کا آبادی میں 1,411تک گراوٹ آگئی تھی لیکن اب آبادی میں قابل لحاظ اضافہ ہوگیا ہے۔ سرکاری ذڑائع نے بتایا کہ 18ریاستوں میں 3,78,118 مربع کلو میٹر جنگلاتی علاقوں کا سروے کیا گیا اور جملہ 1,540 شیروں کی تصاویر حاصل کی گئیں۔ مرکزی وزیر نے دعویٰ کیا کہ دنیا میں سب سے زیادہ شیرہندوستان میں پائے جاتے ہیں کیونکہ ہندوستان میں شیروں کی حفاظت اور دیکھ بھال کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔