نئی دہلی ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ملک گیر کارروائی میں سی بی آئی نے انکم ٹیکس کے 9 سینئیر عہدیدار بشمول پرنسپال کمشنر انکم ٹیکس دہلی ایس کے متل اور دیگر 3 خانگی افراد کے خلاف ایک کیس درج کرلیا ہے جو کہ دھاندلیوں میں ملوث تھے ۔ سی بی آئی نے آج بیک وقت دہلی ، ممبئی ، بنگلورو ، چینائی ، حیدرآباد اور کھمم میں 17 مقامات پر دھاوے کیے ۔ کرپشن میں ملوث پائے جانے پر انکم ٹیکس عہدیداروں متل ، ایڈیشنل کمشنر ( استثنیٰ ) بنگلور ، ٹی این پرکاش ڈپٹی کمشنر ( انوسٹیگیشن ) چینائی ، ایس مرلی موہن کمشنر ( اڈیٹ 2 ) چینائی وجئے لکشمی ( ڈی آر ) ،ITAT ممبئی ، جی لکشمی برا پرساد ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ( سسٹمس 4 ) ، غازی آباد ، وکرم گوڑ اور ایڈیشنل ڈائرکٹر ( انوسٹیگیشن ) ممبئی راجندر کمار کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ چارٹر اکاونٹنٹ سنجے بھنڈاری اور ان کے فرزندان شہیریانش اور دیوانگ کا نام بھی بطور ملزم کیس میں شامل ہوگیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ عہدیدار جانبداری سے کام لینے کے عوض شاندار ہوٹلوں میں قیام و طعام اور اور طیاروں میں سفر کرتے تھے اور یہ اخراجات چارٹر اکاونٹ اور ان کے فرزندان اپنے گاہکوں کو فائدہ پہنچانے کے صلہ میں ادا کرتے تھے ۔۔