ملک گیر سطح پر ریلوے مسافرین کی تعداد میں کمی

چندی گڑھ ۔ 5 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) جاریہ سال معاشی مندی اور دیگر عوامل کی وجہ سے ریل مسافرین کی تعداد 4 تا 5 فیصد گھٹ گئی۔ اسسٹنٹ جنرل مینجر ناردان ریلویز مسٹر ایس کے اگروال نے بتایا کہ ریلوے مسافرین کی تعداد میں تخفیف کی ایک وجہ معاشی مندی (سست روی) بھی ہے ۔ انہوں نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک فطری بات ہے کہ کاروبار جب ماند پڑ جاتا ہے تو لوگ سفر بھی کم کردیتے ہیں۔ یہ دریافت کیا جانے پر اس طرح کی صورتحال ملک بھر میں ہے، انہوںنے کہا کہ یقیناً ملک بھر میں اس طرح کی صورتحال بالخصوص بغیر ریزرویشن کے زمروں میں پائی جاتی ہے ۔ اگرچیکہ ریزرویشن کی بکنگ کیلئے ہجوم ہے لیکن بغیر ریزرویشن کے کوچیس میں مسافرین کی تعداد گھٹ گئی ہے ۔ بنیادی سہولیات میں بہتری اور سڑکوں کو باہم مربوط کردینے سے مختصر فاصلہ کی ریل ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔ مسٹر اگروال نے بتایا کہ شتابدی اور دیگر ایکسپریس گاڑیاں طویل فاصلاتی ٹرینس ہونے کی وجہ سے اپنے مسافرین کو واپس لانے میں کامیاب ہیں۔