آئندہ سال حج کوٹہ میں اضافہ کا تیقن ، صدر نشین سنٹرل حج کمیٹی کا دورہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی کے صدرنشین چودھری محبوب علی قیصر نے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کو فراہم کی جارہی سہولتوں کی ستائش کی اور اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کو مبارکباد پیش کی ۔ چودھری محبوب علی قیصر جو حیدرآباد کے دورہ پر تھے ، انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر کی قیام گاہ پر اقلیتی بہبود کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے آئندہ سال مساعی کرنے کا تیقن دیتے ہوئے چودھری محبوب علی قیصر نے کہا کہ وہ ملک کی تین ریاستوں میں عازمین حج کے انتظامات کا جائزہ لے چکے ہیں ۔ تاہم سب سے بہتر انتظامات حیدرآباد میں تلنگانہ حج کمیٹی کے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی خصوصی دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ عازمین حج کی خدمت دراصل اللہ کے مہمانوں کی خدمت ہے اور ہر حکومت کو تلنگانہ کی طرح انتظامات کرنے چاہئے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے بتایا کہ حکومت نے حج کیمپ کیلئے 2 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید رقم جاری کی جائے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال انتظامات میں بہتری ہورہی ہے جس کا سہرا تلنگانہ حج کمیٹی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے رباط میں عازمین حج کو سہولتوں کی فراہمی اور اس سے ہونے والی بچت کی تفصیلات بیان کی۔ چودھری محبوب علی قیصر نے حج کیمپ کا مکمل معائنہ کیا اور عازمین حج سے بات چیت کی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج ہاؤز کی عمارت میں 200 عازمین کے قیام کی گنجائش تھی لہذا وہاں 70 سال سے زائد عمر کے عازمین کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس کے 4 فلور رہائش کیلئے استعمال کئے جارہے ہیں اور فرسٹ فلور پر 60 سال عمر کے عازمین کو رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صحت وصفائی پر خصوصی توجہ دی گئی اور اس سلسلہ میں صفائی کا عملہ دن رات سرگرم ہے۔ زیر تعمیر عمارت کے گراؤنڈ فلور پر طعام کا انتظام کیا گیا ہے اور روزانہ تقریباً 2000 افراد کیلئے تین وقت کے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ موجودہ ٹائلٹس کے علاوہ عارضی طور پر 58 ء ٹائلیٹس تعمیر کئے گئے ہیں۔