ملک کے موجودہ حالات اور دھارمک جن مورچہ کاقیام

امیر جماعت اسلامی تلنگانہ و اڑیسہ حامد محمد خان کا بیان
حیدرآباد 28 اگسٹ (پریس نوٹ) جناب حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ و اوڈیشہ نے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں کہاکہ جماعت اسلامی ہند کا ملک گیر سطح پر 15 روزہ امن و انسانیت مہم کا آغاز 21 اگسٹ سے ریاستی سطح پر ہوچکا ہے اور 4 ستمبر کو مہم کا اختتامی پروگرام حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ اس مہم کے متوقع اور مطلوب نتائج میں محلہ واری سطح پر سدبھاؤنا منچ کا قیام اور ریاستی سطح پر دھارمک جن مورچہ کا قیام شامل ہے۔ سدبھاؤنا منچ میں تمام امن پسند اور اور انسانیت نواز افراد شامل رہیں گے جس میں خواتین بھی شامل رہیں گی اور نوجوان بھی مذہبی، سیاسی و رفاہی تنظیموں سے وابستہ افراد بھی۔ جبکہ دھارمک جن مورچہ میں تمام مذاہب کے مذہبی پیشوا شامل رہیں گے۔ مورچہ کے قیام کا مقصد سماج میں صالح افراد کا فروغ، سماجی اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ، ظلم و زیادتی اور ناانصافی کا تدارک اور پرامن معاشرہ کا قیام ہے۔ اخلاقی و قانونی حدود میں رہتے ہوئے یہ منچ اور مورچہ اپنے مقاصد کے حصول کے لئے باہمی مشاورت اور اتفاق آراء کے اُصولوں پر کاربند رہیں گے۔ تعمیری اور پرامن ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ اخلاقی اقدار پر مبنی سوسائٹی کے قیام کی کوشش کریں گے۔ یہ منچ اور مورچہ کسی بھی سیاسی جماعت کے نمائندہ منچ اور مورچہ نہیں ہوں گے۔ تمام امن پسند، غیر فرقہ وارانہ، غیر فسطائی شہریان ریاست تلنگانہ سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ ملک عزیز کے مستقبل کی تعمیر میں حصہ لیں اور ایسی تعمیر کی کوشش کریں جو ترقی و خوشحالی، امن و سلامتی، انسان دوستی و انصاف پروری اور آپسی اُخوت و بھائی چارگی میں پوری دنیا کے لئے ایک مثال بن جائے۔