ویمن کالج کوٹھی کی 90 ویں یوم تاسیس تقریب : گورنر ای ایس ایل نرسمہن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ستمبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن جو انتہائی سخت گیر نظر آتے ہیں، ان کا ایک الگ رنگ آج عثمانیہ یونیورسٹی کالج فار ویمن میں نظر آیا۔ مسٹر نرسمہن نے کالج کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ اپنے کالج کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج خود کو ایک مرتبہ پھر کالج میں محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ڈسپلن زندگی کے ساتھ کالج کی زندگی کے ایام اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ کالج کو نہ جاکر باہر گھومنا بالخصوص تاج محل ہوٹل کا دوسہ کھانا اور فلم دیکھنے جانا ان سب کا مزہ کچھ اور ہوتا ہے۔ مسٹر نرسمہن نے کہا کہ ہندوستانی تہذیب و تمدن سب سے آگے ہے اور ہندوستانی عوام کو چاہئے کہ وہ کبھی خود کو دوسروں سے پیچھے تصور نہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مفادات کے تحفظ ملک کی ترقی طلبہ کے ہاتھوں میں ہے۔ وہ جو راہ پر ملک کو لے جائیں گے ملک اسی راہ پر چلے گا۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ کالج کے ایام کو اپنی یادداشتوں میں محفوظ رکھیں چونکہ زندگی کے بہترین دور میں کالج کا دور ہوتا ہے۔ مسٹر نرسمہن نے دو گیتوں کے مکھڑے بھی سنائے۔ مسٹر نرسمہن کے اس موڈ کو پہلی مرتبہ نوٹ کیا گیا اور پروگرام میں موجود شرکاء نے گورنر کے طرزتخاطب کے علاوہ طلبہ کے ساتھ رویہ پر ان کی سراہنا کی۔ گورنر نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ طالبات پر توجہ دیں چونکہ اساتذہ جو معیار طلبہ کا بنائیں گے وہی طلبہ کا مستقبل ہوتا ہے۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ تعلیمی دور میں اساتذہ کی سختیاں ہمیں تکلیف دہ معلوم ہوتی ہے لیکن جب ہم کسی منزل کو پہنچ جاتے ہیں تو ہمیںاحساس ہوتا ہیکہ اساتذہ نے جو ہم پر سختیاں کیں، اس کے نتیجہ میں آج ہم اس مقام پر ہیں۔ مسٹر نرسمہن کالج کی 90 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کالج کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ پروفیسر کے پرتاپ ریڈی رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی، ڈاکٹر جی ستیش ریڈی ڈائرکٹر آر سی آئی نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی اور خطاب کیا۔ ابتداء میں پروفیسر بی ٹی سیتا پرنسپل عثمانیہ یونیورسٹی کالج فار ویمن نے اپنے خیرمقدمی خطاب کے دوران کالج کے 90 ویں یوم تاسیس کی تفصیلات سے واقف کروایا اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔