ملک کے عوام مودی حکومت کی کارکردگی سے خوش : جاودیکر

پٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ۔بی جے پی میں دس کروڑ نئے ارکان کی شمولیت کا منصوبہ
بھوبنیشور 8 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ ادعا کرتے ہوئے کہ ملک کے عوام نریندر مودی حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں سینئر بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر پرکاش جاودیکر نے آج کہا کہ ان کی پارٹی ملک بھر میں 31 مارچ تک 10 کروڑ نئے ارکان کو صفوں میں شامل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ جاودیکر نے اوڈیشہ میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے میڈیا سے کہا کہ ہمارا نشانہ ہے کہ سارے ملک میں اس بار دس کروڑ نئے ارکان کو شامل کیا جائے جبکہ گذشتہ مرتبہ 2010 – 11 میں 3.5 کروڑ ارکان کو شامل کرنے کا نشانہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم اس بار دس کروڑ نئے ارکان کو شامل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ جاودیکر نے کہا کہ اس بار بی جے پی کو ملنے والے ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے ۔

گذشتہ مرتبہ بی جے پی کو 8 کروڑ ووٹ حاصل ہوئے تھے اور اس بار اسے 18 کروڑ ووٹ حاصل ہوئے ہیں تو ایسے میں دس کروڑ نئے ارکان کو 31 مارچ تک بی جے پی کی صفوں میں شامل کرنا مشکل نہیں ہوگا ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ درج فہرست ذاتوں اور قبائل کیلئے محفوظ نشستوں میں 80 فیصد نشستوں پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ہے مسٹر جاودیکر نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غریب ‘ دلت ‘ پسماندہ طبقات اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مودی کی قیادت میں ترقی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی نشستوں کی تعداد 116 سے بڑھکر 282 ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش ‘ چھتیس گڑھ اور جھارکھنڈ میں پسماندہ اور دیہی علاقوں میں ان کی پارٹی کو زبردست عوامی تائید حاصل ہوئی ہے کیونکہ وہاں کے عوام جانتے ہیں کہ صرف بی جے پی ان کی امیدیں پوری کرسکتی ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ملک کے عوام کو انتخابات سے قبل ہی بی جے پی کے نظریات اور منصوبوں سے اتفاق تھا جاودیکر نے کہا کہ عوام اب مودی حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں کیونکہ پٹرول اور پٹرولیم اشیا کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے ۔