ملک کے تمام طبقات کے ساتھ یکساں سلوک ڈاکٹر امبیڈکر کا کارنامہ

پسماندہ طبقات کی تعلیمی و معاشی ترقی کے لیے اصلاحات ضروری ، ڈپٹی چیف منسٹر کی تقریر
حیدرآباد۔14اپریل(سیاست نیوز)ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے تلنگانہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کی 125ویں یوم پیدائش کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ دستور ہند کے مطابق ملک کے تمام طبقات اور اقوام کے ساتھ یکساں سلوک کی گنجائش ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈ کر کارنامہ ہے۔ آج یہاں تاریخی چارمینار کے دامن میں ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کی یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے یہ بات کہی۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ بھیم رائو امبیڈکر کا شمارہندوستان کے ان سماجی جہدکاروں میںہوتا ہے جنھوں نے پسماندگی کاشکار طبقات کے اندر تعلیم انقلاب بر پا کرنے کاکام کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ دلت سماج کو انصاف کی فراہمی کے لئے دستور ہند کے مطابق تحفظات کی فراہمی کا نظریہ بھی بابا صاحب امبیڈکر کی دین ہے۔ جناب محمد محمو د علی نے کہاکہ بھیم رائو امبیڈکر کی یومِ پیدائش کے موقع پرہمیںپسماندہ طبقات کی تعلیمی اور معاشی پسماندگی کو دورکرنے کے لئے درکار اصلاحات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ اسی نظریہ پر کام کرتے ہوئے ریاست کے تمام طبقات اور قوموں کو انصاف فراہم کرنے کاکام کررہی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پسماندگی کاشکار تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت تلنگانہ کی اولین ترجیح ہے۔اسی دوران ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی ‘ مسلم فرنٹ کی جانب سے بھی تاریخی چارمینار کے دامن بابا صاحب بھیم رائو امبیڈکر سالگرہ تقریب کاانعقادعمل میںآیاجس کی نگرانی مسٹر پریم کمار نے کی اور پروفیسر انور خان کے علاوہ مسٹر شیواجی‘مسٹر ونود کمار‘ حیات حسین حبیب‘ اسلم عبدالرحمن‘سراج الدین اعجازعبدالقدیر‘ تنظیم انصاف کے قائدین میراحمد علی‘ منیر پٹیل‘ شیخ شمس الدین احمد‘ محمدحشمت ‘ محمدشاہدکے علاوہ دیگر نے بھی اس سالگرہ تقریب میںحصہ لیا۔ قبل ازیں ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے بھی تاریخی چارمینار کے دامن میں ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی‘ میناریٹی فورم کے زیراہتمام منعقدہ سالگرہ تقریب کے موقع پر 125کیلو کیک کاٹ کرڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میر عنایت علی باقری ‘ سلطان قادری‘ محمد عارف کے علاوہ فور م اور ٹی آر ایس پارٹی کے دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجو دتھے۔آخر میںچیف کنونیرایس سی ‘ ایس ٹی‘ بی سی‘ مسلم فرنٹ جناب ثناء اللہ خان نے فرقہ پرست طاقتوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے دلت مسلم اتحاد کو مستحکم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست طاقتیں اور جماعتیں جو ہروقت بابا صاحب بھیم رائو امبیڈکر کے نظریات کے مخالف رہے ہیںآج دلت ووٹ بینک میںاپنا مقام بنانے کے لئے باباصاحب کی یوم پیدائش تقریب کا انعقادعمل لانے کیلئے سرگرم دیکھائی دے رہے ہیں ۔ انہوں نے فرقہ پرستوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے دلت مسلم اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ۔ انہوں نے تلنگانہ کو دلت اور مسلمانوں کی اکثریت والی ریاست قراردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دلت اور مسلم اتحاد ریاست تلنگانہ میںایک نئے سیاسی انقلاب کا نقیب ثابت ہوگا۔