۔70 سال ملک کو تباہی کا سامنا ، اُترپردیش میں 60 ہزار کروڑ روپئے لاگتی پراجیکٹس کا افتتاح ، وزیراعظم مودی کا خطاب
لکھنؤ ۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپوزیشن پارٹیوں پر تنقید کی کہ ملک کی موجودہ خرابیوں کیلئے وہی ذمہ دار ہیں۔ گزشتہ 70 سال سے ملک جن مسائل کا سامنا کررہا ہے، اس کیلئے یہی پارٹیاں جوابدہ ہیں۔ صنعت کاروں کو ’’چور‘‘ اور لٹیرے‘‘ کہنے والے ان پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے رہنے میں پس و پیش نہیں کریں گے، کیونکہ ان کے ’’اِرادے‘‘ واضح ہیں۔ انہوں نے اُترپردیش کیلئے 60,000 کروڑ روپئے لاگتی تقریباً 81 اِنوسٹمنٹ پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔ ان پراجیکٹس سے ریاست میں صنعت کاری کی زبردست ترقی کیلئے عہد کیا ہے۔ تقریباً 80 سرکردہ صنعت کاروں جیسے کمارا منگلم چیرمین ادتیہ برلا گروپ ، گوتم اڈانی چیرمین اڈانی گروپ، سبھاش چندرا چیرمین ایسل گروپ اور سنجیو پوری ایم ڈی آئی ٹی سی کے علاوہ اعلیٰ ترین دیگر تجارتی گھرانوں کی شخصیتوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہا کہ ہم ان لوگوں میں سے نہیں جو تاجروں کے ساتھ کھڑے ہونے سے ڈرتے ہیں۔ کسانوں، بینکرس، سرکاری ملازمین اور مزدوروں، صنعت کاروں نے مل کر ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کیا ہے۔اگر آپ کے ارادے اچھے اور صاف ہوں تو کسی کے ساتھ ٹھہرنے سے آپ پر داغ نہیں لگے گا۔ گاندھی جی کے ارادے بھی نیک اور صاف تھے، انہوں نے برلا خاندان کے ساتھ کھڑے رہنے میں ہرگز پس و پیش نہیں کیا۔ مودی نے کہا کہ جو لوگ غلط کام کریں گے، انہیں ملک چھوڑ دینا ہوگا یا جیل میں عمر گذارنی ہوگی، اس سے قبل ایسا نہیں ہوتا تھا کیوں کہ سب کچھ پردے کے پیچھے ہوتا تھا۔وہ ڈرتے رہتے ہیں ۔ مودی نے بذلہ سنجی کے ساتھ کہا کہ یہاں بیٹھے ہوئے سابق سماج وادی لیڈر امرسنگھ آپ کو پوری تفصیل بتادیں گے ۔ کیا ہمیں ان صنعتکاروں اور تاجروں کی توہین کرنی چاہئیے ۔ انہیں چور اور لٹیرے قرار دے کر ان کو ذلیل کیا جانا چاہئیے ۔ آخر یہ کیا معاملہ ہے ؟ جو لوگ غلط کام کریں گے انہیں ملک چھوڑ دینا ہوگا یا جیل میں عمر گذارنے ہوگی ۔ یہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوتا تھا کیوں کہ سب کچھ پردے کے پیچھے انجام پاتا تھا ۔ ’’کس کے جہاز میں لوگ گھومتے پتہ نہیں کیا ‘‘ ۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر یہ بات کہی ۔