ملک کی معیشت اور روپئے کی قدر میں گراوٹ ، عوام میں موضوع بحث

ہندوستانی عوام ایک ہفتہ تک موٹر کاروں کے استعمال کو ترک کریں تو روپئے کی قدر میں اضافہ ممکن
حیدرآباد۔20ستمبر(سیاست نیوز) ملک کی معیشت اور روپئے میں آنے والی گراوٹ سب کے لئے موضوع بحث بنی ہوئی ہے اور سوشل میڈیا پر روپئے میں آنے والی گراوٹ سے نکلنے اور روپئے کی قدر کو مستحکم بنانے کے لئے تجاویز کے ساتھ ساتھ حکومت پر سخت تنقید کی جا رہی ہے ۔روپئے کی قدر میں گراوٹ کے بعد جو صورتحال ہے اس میں حکومت کی تائید کرنے والے گروپس اس بات کا دعوی کر رہے ہیں کہ ڈالر کی قیمت میں ہونے والا اضافہ عارضی ہے جبکہ ماہرین معاشیات کا کہناہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ نہیں ہو رہا ہے بلکہ روپئے کی قدر میں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ سوشل میڈیا پر گشت کر رہے ایک پیغام کے مطابق تیل کی ڈالر میں خریدی کے سبب روپئے کی قدر میں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے اور اگر ہندستانی شہریوں کی جانب سے ایک ہفتہ کے لئے کار کے استعمال کو ترک کردیا جائے اور پٹرول و ڈیزل کے استعمال میں کمی کی جائے تو روپئے کی قدر میں استحکام پیدا ہوسکتا ہے ۔ سوشل میڈیا پر گشت کر رہے اس پیغام کے مطابق عالمی بازار بالخصوص خلیجی ممالک سے ہندستان جو تیل خرید رہا ہے وہ ڈالر کی ادائیگی کے ذریعہ خرید رہا ہے اور عالمی مارکٹ میں تیل کی قیمت ڈالر میں طئے کی جاتی ہے جو کہ ہندستان بھی ڈالر میں ادا کر رہا ہے جبکہ ہندستان کو امریکی ڈالر ہندستانی کرنسی کے عوض خریدنے پڑتے ہیں ۔ہندستانی کرنسی کی اشاعت کے لئے حکومت کے پاس سونے کے ذخائر ہوتے ہیں اور ان ذخائر کے مطابق ہندستان میں کرنسی کی اشاعت عمل میں لائی جاتی ہے جبکہ امریکی ڈالر کے سلسلہ میں یہ کہا جاتاہے کہ امریکہ ڈالر کی اشاعت کے لئے کوئی ذخائر نہیں رکھتا بلکہ جس کسی ملک کو ڈالر کی ضرورت ہوتی ہے اسے شائع کرتے ہوئے حوالہ کردیتا ہے جس کے سبب ڈالر کی قدر و قیمت میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ جو ممالک بے دریغ ڈالر خریدنے میں مصروف ہوتے ہیں ان ممالک کی کرنسی کی قدر و قیمت میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگتی ہے اور یہ لامتناہی سلسلہ جاری ہی رہتا ہے ۔تیل کی خریدی کے معاملہ میں خلیجی ممالک کو امریکہ نے اس بات کیلئے تیار کر رکھا ہے کہ وہ ڈالر کے عوض ہی تیل کی فروخت کریں اور اس کے بدلہ میں امریکہ خلیجی ممالک کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہے ۔ مجموعی اعتبار سے ہندستا نی روپئے کی قدر میں گروٹ سے بچنے کیلئے پیش کی جانے والی تجاویز میں یہ بات سامنے آنے لگی ہے کہ اگر ہندستانی شہری ایک ہفتہ کے لئے پٹرول کے استعمال کو کم کرتے ہوئے کاروں کا استعمال ترک کرتے ہیں تو ایسی صورت میں روپئے کی قدر میں استحکام پیدا ہوسکتا ہے۔