ملک کی سکیورٹی اولین ترجیح : کرن رجیجو

امرتسر ۔ /31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے آج کہا کہ ملک کی سلامتی مرکزی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ کسی کو بھی ملک کا امن و ہم آہنگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی بہرصورت برقرار رکھی جائے گی ۔ کسی کو بھی پرامن فضاء متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو ایسا کرے گا اسے سخت جواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد سے ملک میں امن کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیا جائے گا ۔ اس طرح کے خطرات سے سکیورٹی فورسیس موثر طور پر نمٹ رہی ہیں اور انہیں بہتر انفراسٹرکچر فراہم کیا جارہا ہے ۔