ملک کی ریاستوں میں سیما آندھرا کو بہترین پیاکیج کا اعزاز

تقسیم ریاست پر تکلیف اور پیاکیج پر اطمینان کا اظہار ، صدر پی سی سی بی ستیہ نارائنا

حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بی ستیہ نارائنا نے کہا کہ ملک کے چھوٹی ریاستوں کی تقسیم میں اب تک کا سب سے اچھا پیاکیج سیما آندھرا کو ملا ہے ۔ اگر پہلے ہی الرٹ ہوجاتے تو مزید بہتر پیاکیج ملنے کا دعویٰ کیا ۔ وشاکھا پٹنم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کا فیصلہ تکلیف دہ ہے اور مرکز نے جو بھی پیاکیج کا اعلان کیا ہے وہ اطمینان بخش ہے انہوں نے کہا کہ ریاست کے متحد رہنے میں ہی دونوں علاقوں کی بھلائی تھی مگر تمام جماعتیں کانگریس کو قصور وار قرار دے رہی تھی تمام جماعتوں کی جانب سے تلنگانہ کی تائید کرنے کے بعد سب سے آخر میں کانگریس نے تلنگانہ کی تائید کی ہے ۔

تلنگانہ کا فیصلہ ہونے کے بعد تمام جماعتیں اپنے فیصلے سے منحرف ہوگئی ہے مگر کانگریس پارٹی اپنے فیصلے پر برقرار رہی ۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کے قائدین اگر متحد ہوجاتے اور سیما آندھرا کے مفادات کے لیے مرکز سے مزید نمائندگیاں کرتے تو اب جو پیاکیج ملا ہے اس سے بھی بہتر سیما آندھرا کو پیاکیج مل سکتا تھا ہم سیما آندھرا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مرکز سے مزید نمائندگیاں کریں گے اور مزید رعایتیں اور مزید فنڈس حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک سمندر ہے جو کانگریس سے مستعفی ہورہے ہیں ان کا ہی نقصان ہوگا کانگریس پارٹی کا کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ کانگریس پارٹی سیما آندھرا اور تلنگانہ دونوں علاقوں میں مستحکم ہے اور عوام کا اعتماد کانگریس پارٹی پر برقرار ہے مرکزی اور ریاستی حکومت کے کارنامے کانگریس پارٹی کو دونوں علاقوں میں کامیاب بنائیں گے ۔۔