حیدرآباد۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت بہت جلد چھوٹے پیمانے کی صنعتوں سے متعلق ترمیمی بل (قانون) 2015 پارلیمنٹ میں پیش کریگی ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر بنڈارو دتاتریہ مرکزی وزیر محنت و روزگار نے بتایا کہ مرکزی حکومت چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کو ترقی دینے موثر اقدامات کریگی۔ انہوں نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ کانگریس ہی ملک کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کو روکنے کیلئے کانگریس ایک دیوار کی مانند اپنا رول ادا کررہی ہے۔ مسٹر دتاتریہ نے کانگریس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں بی جے پی حکومت کے والے عوامی فلاح و بہبودی اقدامات میں کانگریس حائل ہورہی ہے جس کے باعث کوئی بھی ترقیاتی اقدامات انجام دینے میں کئی ایک دشواریاں پیش آرہیں۔ مرکزی وزیر محنت و روزگار نے مرکزی فنڈس سے متعلق کہا کہ اگر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ، وزیراعظم مسٹر نریندر مودی سے ملاقات کرلیں تو ریاست کیلئے کم از کم 8 ہزار کروڑ روپئے حاصل ہونے کی قوی توقع ہے۔