نئی دہلی۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایوان کا اسپیکر نہ صرف عوام کے حقوق اور مراعات کا محافظ ہے بلکہ ملک کی بین الاقوامی سطح کی پالیسیوں کی نمائندگی میں بھی اس کا اہم کردار ہوتا ہے۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ اسپیکر کا کام صرف ایوان میں نظم و ضبط برقرار رکھنا ہی نہیں بلکہ ملک کی خارجہ پالیسیوں کی نمائندگی بھی مختلف فورمس میں کرنا ہے جبکہ وہ بیرونی دورہ پر ہوں۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ جیسا کہ لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے ان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک کتاب کا رسم اجراء انجام دیا تھا جو ملک کی اولین خاتون اسپیکر میرا کمار نے تحریر کی تھی اور جس کا عنوان ’’ہندوستانی پارلیمانی سفارت کاری ، اسپیکر کے نقطہ نظر سے‘‘ تھا۔ یہ کتاب کئی بین الاقوامی مسائل کا احاطہ کرتی ہے جوآج پوری دنیا کو درپیش ہیں۔ اس کتاب کو سات وسیع ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے اور یہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے موضوع پر بحث کرتی ہے۔ اس کے علاوہ معاشی تعاون ، اچھی حکمرانی اور دیگر کئی اہم باتیں بھی اس کا موضوع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ لوک سبھا کے اسپیکر تھے تو ان کی مسلسل کوشش تھی کہ پارلیمنٹ کی شبیہ کو بہتر بنایا جائے۔