حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ملک کو چوکیدار کی نہیں وفادار اور خدمت گذار کی ضرورت ہے اور راج شیکھر ریڈی حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے لیے خدمت گذار کے ساتھ وفادار بھی ثابت ہوں گے ۔ کنٹونمنٹ کے علاقہ میں آج شام روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے تلنگانہ کو فنڈز کی اجرائی میں دروغ گوئی سے کام لینے کا وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر خود وہ ( کے ٹی آر ) کے علاوہ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے تقسیم ریاست بل میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کے علاوہ ریاست کے آبپاشی پراجکٹس کو مالی تعاون کرنے کی کئی مرتبہ نمائندگی کرچکے ہیں لیکن وزیراعظم نے اس پر کوئی مثبت ردعمل کا اظہار نہیں کیا ۔ تلنگانہ کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے جھوٹ بولا ہے ۔ جس کی ٹی آر ایس سخت مذمت کرتی ہے اور وہ وزیراعظم کو تلنگانہ کے عوام سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ کے تمام 16 پارلیمانی حلقوں پر ٹی آر ایس کو کم از کم 2 تا 5 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی ۔ انتخابی مہم کا آغاز ہونے سے قبل کانگریس اور بی جے پی دم توڑ چکی ہے ۔ اسمبلی میں شکست سے دوچار ہونے والے 9 امیدوار دوبارہ پارلیمنٹ کے لیے قسمت آزما رہے ہیں جو کھوٹا سکہ اسمبلی حلقوں میں چل نہ سکا وہ بھلا پارلیمانی حلقوں میں کیسے چلے گا ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے ٹی آر ایس کے امیدوار راج شیکھر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی اور پارلیمانی حلقوں میں ترقی کی وہ ضمانت لینے کا تیقن دیا ۔۔