اے آئی ایس ایف طلبہ کی یاترا ، سید ولی اللہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ملک کو ہندو راشٹرا بنانے کی ہر کوشش کو ناکام کردیا جائے گا ۔ امبیڈکر کے خوابوں کے ہندوستان کو بائیں بازو کبھی گوالکر کے ہندوستان میں تبدیل ہونے نہیں دے گا ۔ ان خیالات کا اظہار مختلف مقررین نے آج یہاں ضلع اننت پور ریاست آندھرا پردیش میں کیا جو اے آئی ایس ایف کی طلبہ یاترا کو مخاطب تھے ۔ ملک کو فرقہ پرستوں طاقتوں کے چنگل سے آزاد کروانے کے لیے کمیونسٹ جماعت کی طلبہ تنظیم نے بیڑا اٹھایا ہے اور ملک گیر سطح پر مہم جاری ہے ۔ یاترا کے آج 14 ویں دن اننت پور میں ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ اور عوام شریک تھے ۔ قومی صدر آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن سید ولی اللہ قادری کے ہمراہ اس یاترا میں جے این یو قائد کنیا کمار و دیگر شامل ہیں ۔ انہوں نے اس یاترا کے ذریعہ مودی حکومت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اب مودی کی ہٹلر گیری نہیں چلے گی ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ای وی ایم کے ذریعہ حکومت بنانے والے مودی ہر محاذ میں ناکامی کے بعد انگریزوں کے فار مولا پھوٹ ڈالو حکومت کرو کی پالیسی اپنا رہا ہے ۔ انہوں نے بہار کے عظیم اتحاد میں پھوٹ ڈالنے والے مودی کو پیغام دیا کہ اب قومی سطح پر عوامی اتحاد کو کمیونسٹ جماعتیں سیکولر جماعتوں کی مدد سے تشکیل دیں گی جو کسی بھی پالیسی یا سازش کا شکار نہیں ہوگا ۔ انہوں نے اترپردیش کے حالات پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ یوگی حکومت نے اپنے بجٹ میں تاج محل کی ترقی کے لیے کوئی رقم مختص نہیں کی اور جبراً مسلمانوں کے ناموں سے موسوم علاقوں اور عمارتوں کے نام بدل دئیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستوں طاقتوں کے حوصلے بلند ہوچکے ہیں جو ہر حال میں ملک کو ہندو راشٹر بنانے کی کوشش میں ہیں لیکن کمیونسٹ جماعتیں ہر حال میں ایسا ہونے نہیں دیں گی چونکہ یہ ملک گاندھی اور بھگت سنگھ کا ہے اور ملک کو ان کے قاتلوں کے حوالے نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کے انتخابی نظام میں اصلاحات لائی جائے اور جس پارٹی کو رائے دہی کا فیصد زیادہ حاصل ہوگا اس پارٹی کو اقتدار حاصل ہونا چاہئے ۔ اے آئی ایس ایف کی یہ ریالی یکم اگست کو حیدرآباد پہونچے گی اور 2 اگست کے دن عثمانیہ یونیورسٹی میں پروگرام ہوگا ۔۔