ملک کو آر ایس ایس اور بی جے پی کے چنگل سے آزاد کروانے کا مشورہ

بیدر میں کانگریس امیدوار رحیم خاں کی انتخابی مہم ، وی ہنمنت راؤ کا کارنر میٹنگس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے بیدر میں کانگریس کے امیدوار رحیم خاں کے حق میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے ملک کو آر ایس ایس اور بی جے پی کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ وی ہنمنت راؤ نے آج صبح سے اسمبلی حلقہ بیدر کے مختلف مقامات پر کارنر میٹنگس سے خطاب کیا اور کانگریس امیدوار رحیم خاں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے سیکولرازم کو مستحکم کرنے میں کانگریس سے تعاون کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ ان کے ہمراہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین بھی موجود تھے ۔ ہنمنت راؤ نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے انتخابات میں حکومت تشکیل دینے کے لیے کانگریس پارٹی کو مکمل اکثریت حاصل ہوگی ۔ انہوں نے ٹی آر ایس اور مجلس پر جے ڈی ایس کی تائید کرتے ہوئے بلواسطہ بی جے پی کو مستحکم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان اصل مقابلہ ہے ۔ جے ڈی ایس کو تیسرے مقام پر رہنے کے تمام سروے میں انکشاف ہوگیا ہے ۔ لہذا جے ڈی ایس کو ووٹ دینا فرقہ پرست طاقتوں کو تقویت پہونچانے کے مترادف ہے ۔ ملک کو دیمک کی طرح چاٹ کر کھانے والی آر ایس ایس کرناٹک کے پر سکون ماحول کو فرقہ وارانہ منافرت کے ذریعہ زہر آلودہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ملک میں اظہار خیال کی آزادی پر پابندی اور کھانے پینے پر امتناع عائد کرتے ہوئے دستور ہند نے جو اختیارات دئیے ہیں اس کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ طلاق ثلاثہ پر علمائے دین اور مشائخین سے مشاورت کیے بغیر قانون سازی کرنے کی کوشش کی گئی ۔ بل پر راجیہ سبھا میں کانگریس اور دوسری جماعتوں نے اعتراض کرتے ہوئے اس کو سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے مرکز پر بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت تشکیل پائی ہے تب سے اقلیتیں اور دلت اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں ۔ گاؤ کشی کے نام پر مسلمانوں اور دلتوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ کانگریس واحد جماعت ہے جو فرقہ پرست طاقتوں کے آگے چٹان بنی ہوئی ہے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی سارے ملک میں سیکولرازم کا پرچم لہرانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ کرناٹک سے بی جے پی کے زوال کا آغاز ہوگا ۔ یہاں سے 2019 تک جتنے بھی ریاستوں کے انتخابات منعقد ہوں گے ۔ راہول گاندھی کی قیادت میں تمام ریاستوں میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ رائے دہی کے تناسب میں اضافہ کے لیے اپنے حق رائے دہی سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے کانگریس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے ۔۔