ملک پیٹ آر ٹی اوآفس کے چھت سے ٹپکنے والے پانی سے عوام پریشان

حیدرآباد ۔19 ستمبر ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں روڈ ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او ) کے اندرونی اور بیرونی حالات معیار کے مطابق نہیں ہیں جیسا کہ آئے دن ان آر ٹی اوز کے مسائل کی خبریں اور عوام کو ہونے والی مشکلات کو اجاگر کرنے کے باوجود ارباب مجاز ان مسائل کو حل کرنے کی سمت نہ اپنی توجہ مبذول کرتے ہیں اور نہ ہی عوام کو راحت فراہم کرنے کے لیے فوراً کوئی متبادل انتظامات کرتے ہیں جیسا کہ عوام کو پہلے ہی آر ٹی او کارڈس کے حصول میں طویل تر انتظار کرنے کے مسائل گذشتہ دنوں ہی منظر عام پر آئے تھے اور اب آر ٹی او عمارتوں کے مسائل کی ایک کڑی سامنے آئی ہے ۔ آر ٹی او ایسٹ ملک پیٹ کی عمارت میں اپنی گاڑیوں کے دستاویزات اور لائسنس کی کارروائی میں اپنی باری کا انتظار کرنے والے عوام کو اس وقت پریشانی کاسامنا کرنا پڑا جب دوپہر کے وقت اچانک موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جس سے اس دفاتر میں موجود جو پہلے ہی بیٹھنے کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے اپنی گاڑیوں اور جہاں جگہ ملی وہاں بیٹھے ہوئے تھے ، تیز بارش سے بچنے کے لیے جب وہ سائبان میں داخل ہوئے تو ان کے سروں پر چھت سے پانی گرنے لگا ۔ کار کے کاغذات کی تکمیل کے لیے اپنی باری کے انتظار میں کھڑے انجینئرنگ کے طالب علم محمد عفوان عاقل نے میڈیا نمائندے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک پیٹ آر ٹی او کی چھت نہ صرف ٹپک رہی تھی بلکہ ایک مقام سے ( تصویر میں مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ) پانی ایسا آرہا تھا جیسا کہ کوئی بوتل سے پانی ڈال رہا ہو ۔ بارش کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ اس حالت میں یہاں خواتین کے لیے بھی بیٹھنے کے صحیح انتظامات نہیں تھے ۔ آر ٹی او کارروائی کے لیے اپنی باری کا انتظار کرنے والے دیگر افراد نے حکومت کی جانب سے اہم دفاتر میں ایسے ناقص انتظامات پر اپنی مایوسی اور برہمی کا اظہار کیا ۔