حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : ملک و قوم کی تعمیر اور ترقی اور استحکام میں صدر کانگریس شریمتی سونیا گاندھی نے ناقابل فراموش رول ادا کیا ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے وزارت عظمیٰ کے عہدہ کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے سیاست میں اعلی روایات قائم کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی شری پونالہ لکشمیا نے کل پرکاشم ہال گاندھی بھون میں قومی سالمیت کمیٹی اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے اشتراک سے منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تحریری و تقریری مقابلہ جات کے علاوہ رنگولی ، انتاکشری ، بیت بازی اور مہندی ڈیزائن اور کوئز کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے سات سو سے زائد طلباء وطالبات میں انعامات و اسنادات بھی تقسیم کئے ۔ صدر قومی سالمیت کمیٹی جناب ایس کے افضل الدین نے اپنے صدارتی خطاب میں شریمتی سونیا گاندھی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک عظیم ملک ہے
اور اس ملک کے وزیر اعظم کو بین الاقوامی سطح پر طاقتور شخصیتوں میں شمارکیا جاتا ہے ۔ لیکن سونیا گاندھی نے وزیر اعظم بننے سے انکار کردینے کے باوجود بھی ٹائم اور فوربس میگزینوں جیسے باوقار اداروں نے ان کا شمار دنیا کی طاقتور ترین شخصیتوں میں کیا ہے جس سے ان کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے ۔ جنرل سکریٹری ڈاکٹر ایم اے انصاری نے کہا کہ قومی سطح کے قائدین کی زندگیوں اور ان کے کارناموں سے نوجوانوں کو واقف رکھنے کی ضرورت ہے ۔ جناب محمد خلیق الرحمن نے کہا کہ ملک کی سیاست میں سونیا گاندھی کا رول بہت اہم ہے ۔ جناب محمد ساجد پاشاہ ، شریمتی سندری ایڈوکیٹ ، جناب خواجہ غیاث الدین اور دوسروں نے مخاطب کیا ۔ محترمہ عاصمہ خلیل ، محترمہ نسرین نور ، محترمہ خیر النساء علیم ، ڈاکٹر اے جیئنتی ، جناب ارشد صدیقی ، ڈاکٹر اختر سلطانہ ، محترمہ کاظم سلطانہ ، محترمہ جیلانی ، ڈاکٹر عائشہ صدیقہ ، محترمہ افشاں نور ، محترمہ جی مادھوی ، محترمہ ایس سجاتا کی تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی گئی ۔ شہر کے اسٹیج آرٹسٹوں قادر شریف اور ایچ آر کولہ نے اس موقعہ پر دلچسپ کامیڈی ایٹم پیش کیے ۔۔