ملک میں 5 لاکھ زرعی باؤلیاں تعمیر کی جائیں گی : وزیراعظم

نئی دہلی ۔ /27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے بعض حصوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے کمی کے ساتھ ہی پانی کی قلت پیدا ہورہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ان کی حکومت ملک بھر میں پانچ لاکھ زرعی باؤلیاں تعمیر کرے گی ۔ انہوں نے عوام پر زور  دیا کہ وہ ذخیرہ آب کے لئے پانی کے چھوٹے چھوٹے تالاب تیار کریں ۔ چھوٹے ذخائر آب تعمیر  کرنے کے طریقوں سے حکومت واقف کرائے گی ۔ اپنے ماہانہ ’’من کی بات‘‘ ریڈیو پروگرام میں انہوں نے کسان طبقہ سے بھی کہا کہ وہ اناج پیدا کرنے کے لئے کم کھاد کا استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ عصری ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے ۔ اپنے 30 منٹ کے پروگرام میں نریندر مودی نے ملک کے پانچ مقامات پر ترقیاتی اقدامات کرنے کا ذکر کیا۔
اور کہا کہ دلت قائد ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 125 ویں سالگرہ کے موقع پر /14 اپریل کو پانچ مقامات کو ترقی دی جائے گی ۔ وزیراعظم نے طلبا سے کہا کہ وہ تعطیلات کے دوران فنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔