نئی دہلی۔/27فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں یوریا کی قلت اور اس سے کسانوں کو درپیش مشکلات کی گونج آج راجیہ سبھا میں سنی گئی جہاں ارکان نے مطالبہ کیا کہ یوریا کو دیگر ممالک سے درآمد کیا جائے تاکہ قلت پر قابو پاتے ہوئے فصلوں کو بروقت تیار کیا جاسکے۔ کانگریس قائد احمد پٹیل نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ( حکومت ) اسوقت ’’ پالیسی سازی میں فالج زدہ ‘‘ ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں کسانوں کو یوریا کی شدید قلت کا سامنا ہے جس کے بعد غریب کسانوں کے لئے بھی اب سوائے اس کے کوئی اور متبادل نہیں ہے کہ وہ یوریا ’ کالا بازار ‘ سے خریدیں جہاں ان سے منہ مانگے دام (300گنا زائد ) وصول کئے جارہے ہیں۔ وقفہ صفر کے دوران اس موضوع کو اٹھاتے ہوئے احمد پٹیل نے کہا کہ وزیر اعظم لینڈ ہیلت کارڈ کے بارے میں یہ بیانات دیتے ہیں جبکہ یوریا کی شدید قلت ہے۔ اب ان حالات میں وزیر اعظم کے اس خواب کی تکمیل کیونکر ہوگی۔ اس موقع پر کانگریس کی ہی کماری شیلجہ ہریانہ کے ایک پولیس اسٹیشن کا تذکرہ کیا جہاں خواتین کی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔