نئی دہلی ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر توانائی پیوش گوئل نے آج کہا کہ حکومت ملک بھر میں ہر شہری کو 24 گھنٹے سستی برقی سربراہی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے ریاستی اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کے وزرائے توانائی کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ریاستوں کو ہدایت دی جاتی ہیکہ وہ اپنے متعلقہ ریاستوں میں تمام شہریوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ آندھراپردیش اور راجستھان میں پہلے ہی حکومت اپنے ایکشن پلان پر عمل کررہی ہے۔ دیگر ریاستوں کو بھی اسی خطوط پر کام کرتے ہوئے شہریوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کرنا ہوگا۔ گوئل نے کہا کہ سال2014-15 ء کے دوران برقی پیداوار کی گنجائش 22,566 میگاواٹ تک ہوئی ہے جبکہ گذشتہ 17,830 میگاواٹ برقی پیدا کی گئی تھی۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ برقی سربراہی کو بہتر بنانے کے منصوبے بنائیں۔