دیہی عوام کو اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے کا مشورہ ، مدھیہ پردیش میں راشٹریہ گرام سوراج ابھیان کا آغاز
منڈلہ(ایم پی)۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ملک میں ہر ایک کو تعلیم سے آراستہ کرے۔ انہوں نے عوام کو خاص کر دیہی عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ان کا مستقبل تابناک ہوجائے۔ یوم قومی پنچایت راج کے موقع پر مدھیہ پردیش کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے رام نگر میں راشٹریہ گرام سوراج ابھیان کا آغاز کیا اور قبائیلی علاقوں کی ترقی کیلئے روڈ میاپ کی اجرائی عمل میں لائی۔ انہوں نے دیہی علاقوں کی ترقی میں مرکز کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کا تیقن دیا اور کہا کہ ہندوستانی تہذیب ہمیں ایک مضبوط عوام کا درس دیتی ہے۔ ضلع منڈلہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج میں قومی پنچایت راج یوم کے موقع پر پردیش کانگریس میں ہوئی۔ باپوجی (مہاتما گاندھی) نے دیہاتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا اور انہوں نے ہمیشہ دیہی علاقوں کی ترقی پر زور دیا تھا اور گرام سوراج کی ہی بات کرتے تھے۔ اس نئی شروع کردہ اسکیم کا مقصد مقامی بلدیات کو خود مکتفی ، مالیاتی استحکام اور زیادہ سے زیادہ کارکرد بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز، پابند عہد ہے کہ دیہی عوام کی خواہشوں کو بہرحال پورا کیا جائے۔ دیہی عوام نے ہم پر کافی بھروسہ کیا ہے۔ آج ہم کو دیہاتوں کو ترقی دینے کا عہد کرتے ہیں۔ ہندوستانی کلچر ہی ہم کو ایک قوم ہوکر رہنے کا حوصلہ بخشتا ہے۔ جب کبھی دیہی ترقی کے بارے میں سوچا جاتا ہے۔ اس کے لئے بجٹ کی اہمیت ہوتی ہے لیکن گزشتہ چند برسوں میں دیہی علاقوں پر سے توجہ ہٹا دی گئی۔ اب عوام خود پراجیکٹ کیلئے دی جانے والی رقم کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے آرہے ہیں اور یہ پراجیکٹ شفاف بنیاد پر ہی وقت پر پورا کیا جاسکتا ہے۔ ضلع منڈلہ میں 120 کروڑ روپئے کی لاگت سے ایک ایل پی جی قائم کیا جارہا ہے جس سے متصل علاقوں میں گیاس سلینڈرس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا اور عوام کو روزگار فراہم ہوگا۔ مودی نے کہا کہ جن دھن، دن دھن، گوبر دھن، ان تین چیزوں سے ہی دیہی معاشی موقف میں بڑی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2022ء تک ہم دیہاتوں کی ترقی کا عہد کرتے ہیں۔ مہاتما گاندھی نے جو کچھ کہا تھا، ان کے نظریہ اور رہنمایانہ خطوط کی بنیاد پر ہی ہم دیہاتوں کو ترقی دیں گے۔ نریندر مودی نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت نے 12 سال سے کم عمر کی بچیوں کی عصمت ریزی کرنے والوں کے لئے سزائے موت کا قانون متعارف کروایا ہے۔ حکومت سے اس اقدام سے خواتین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت دہلی میں بیٹھی ہے مگر آپ کی آواز سنتی ہے۔