ملک میں کوئی مودی لہر نہیں : وزیراعظم

گوہاٹی 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج ملک میں مودی لہر ہونے کے دعوے کو مسترد کردیا اور کہاکہ یہ صرف ذرائع ابلاغ کی تخلیق ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے خیال میں ملک میں مودی لہر نہیں چل رہی ہے۔ وہ ڈسپور سرکاری ہائی اسکول کے پولنگ بوتھ میں اپنی شریک حیات گرشرن کور کے ساتھ حق رائے دہی استعمال کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہاکہ اُن کے خیال میں کانگریس اپنی بنیادیں نہیں کھو رہی ہیں۔ 16 مئی کو انتخابی نتائج کا انتظار کریں۔ ہم اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوں گے۔ ہندوستان کے شہری جمہوری عمل میں شرکت کریں گے اور اپنا ووٹ دیں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم لوک پریہ گوپی ناتھ بارڈولوئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر خصوصی طیارہ کے ذریعہ پہونچے تھے اور فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ خانہ پورہ گئے جہاں اُن کا استقبال چیف منسٹر ترون گوگوئی اور صدر پردیش کانگریس بھوبنیشور کالیتا نے کیا۔