ملک میں کانگریس یو پی اے تھری تشکیل کی سمت

انتخابی نتائج چونکا دینے والے ہوں گے ، سلمان خورشید کا بیان
حیدرآباد۔25اپریل (سیاست نیوز) ملک میں کانگریس UPA-IIIکی تشکیل کی سمت تیزی سے رواں ہے۔ سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے یہ دعوی کیا اور کہا کہ ملک میں انتخابی نتائج چونکا دینے والے رہیں گے اور کانگریس کی زیر قیادت یو پی اے 3 کو اقتدار حاصل ہوگا۔سلمان خورشید نے کہا کہ انہیں حیرت نہیں ہوگی اگر اتر پردیش میں کانگریس کو 21نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی کیونکہ انہیں اس بات کا اندازہ ہے کہ اتر پردیش میں کانگریس کو 2009میں جتنی نشستیں حاصل ہوئی تھیں وہ دوبارہ 2019 کے انتخابات میں حاصل ہونے جا رہی ہیں۔ سلمان خورشید نے کہا کہ ریاست اترپردیش میں شاندار کامیابی کے ذریعہ کانگریس مرکز میں اقتدار حاصل کرے گی کیونکہ ملک کے عوام اس بات سے واقف ہوچکے ہیں کہ کانگریس ہی ملک کے عوام کو محفوظ اور مستحکم حکمرانی فراہم کرسکتی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اتر پردیش کے حالات اور زمینی حقائق سے آگہی کے بعد وہ یہ کہنے کے موقف میں ہیں کہ کانگریس مرکز میں اقتدار حاصل کرنے جا رہی ہے کیونکہ عوام نے فاشسٹ اور فرقہ پرست طاقتوں کو مسترد کرنے کا ذہن بنا لیا ہے اور اب تک جو رائے دہی ہوئی ہے اس کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوجائے گی کہ ہندستان میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار دلوانے کا ذہن عوام نے تیار کرلیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس قائدین ‘کارکنوں اور عوام کے جذبات کا باریکی سے مشاہدہ کیا جائے تو یہ بات واضح ہوجائے گی کہ ملک میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار پر لانے کے لئے کانگریس کارکنوں کی طرح عوام میں بھی جذبات امڈ رہے ہیں۔انہو ںنے واضح کیا کہ وہ یو پی اے 3کی تشکیل کے متعلق پر امید ہیں لیکن ابھی یہ بات نہیں کہی جا سکتی کہ یو پی اے 3 کس طر ح سے تشکیل پائے گی اور کیسے یہ مراحل طئے کئے جائیں گے۔سلمان خورشید جو کہ فرخ آباد سے کانگریس کے امیدوار ہیں نے کہا کہ پرینکا گاندھی کے انتخابی مہم میں حصہ لینے کے بعد کانگریس قائدین و کارکنو ں کے جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے اور ہر جگہ اس جوش کو محسوس کیا جانے لگا ہے کہ پرینکا گاندھی کی سرگرم سیاست میں واپسی سے کانگریس کے متعلق عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ جہاں کہیں پرینکا گاندھی انتخابی مہم میں حصہ لے رہی ہیں ان علاقوں میں اگر عوام کے اژدہام کو دیکھا جائے تو یہ بات واضح ہو جائے گی کہ ہندستانی سیاست میں پرینکا گاندھی کا اہم کردار ہے اور ان کی انتخابی مہم میں عوام جوق در جوق شرکت کر رہے ہیں اور ان کی جانب سے اٹھائے جانے والے مسائل پر بحث و مباحث کئے جانے لگے ہیں۔