گڑگاؤں ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ملک میں نکسل ازم کی سب سے سنگین چیلنج اب اختتام پذیر ہونے کو ہے اور یہ اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکسلائیٹس اب اپنی محدود صلاحیتوں کے ساتھ سکیورٹی فورسیس کے ساتھ براہ راست مقابلہ کرنے کے بجائے بزدلانہ طور پر اچانک اور گھات لگاکر حملے کررہے ہیں۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نکسلائیٹس کے خلاف متواتر برسرپیکار سی آر پی ایف کے یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی جوانوں کے جارحانہ کارروائیوں کی بدولت بائیں بازو کی انتہا پسندی میں ڈرامائی طور پر کمی واقع ہوئی ہے اور ماؤ نوازوں کی شرح ہلاکت میں بھی خاطر خواہ اضافہ درج کیا گیا ہے۔ نکسل ازم کی تباہی کی وجہ سے اب یہ نکسلائیٹس ، سکیورٹی فورسیس کے ساتھ آمنے سامنے کی لڑائی کی سکت نہیں رکھتے ۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ ملک کے سکیورٹی جوانوں پر بزدلانہ انداز میں گھات لگاکر حملے کررہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر گزشتہ ہفتہ چھتیس گڑھ کے سکما میں شہید ہوئے سی آر پی ایف کے جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کی جو نکسلائیٹس کی جانب سے کئے گئے دھماکہ کے سبب شہید ہوگئے تھے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ پہلے یہ ہوا کرتا تھا کہ اس طرح کی لڑائی میں سکیورٹی جوان اور عام شہریوں کی ہلاکت زیادہ ہوا کرتی تھی لیکن اب حالات اس کے برعکس ہوگئے ہیں جہاں گزشتہ چند سال میں سکیورٹی فورسیس کی جارحانہ کارروائی کی وجہ سے نکسلائیٹس کی ہلاکتیں زیادہ درج کی جارہی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سکیورٹی فورسیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو درپیش خطرات سے اسی طرح سے جارحانہ انداز میں مقابلہ کرتے رہیں اور کسی بھی حال اپنی ہمت اور حوصلہ نہ کھوئیں۔