مرکز پر تیسرے محاذ کا اقتدار، صدر ٹی آر ایس کے سی آر کا انتخابی جلسوں سے خطاب
حیدرآباد۔/26اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے بی جے پی کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نریندر مودی کی کوئی لہر نہیں ہے اور مخالف تلنگانہ عناصر کا تعاون حاصل کرنے کے بعد بی جے پی کا تلنگانہ میں صفایا ہوجائے گا۔ ٹی آر ایس امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے چندرشیکھر راؤ نے آج ورنگل اور میدک کے مختلف علاقوں میں عام جلسوں سے خطاب کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ بی جے پی قائدین مودی کا راگ الاپ رہے ہیں اور چندرا بابو نائیڈو کے ہاتھ میں مودی کٹھ پتلی بن چکے ہیں۔ نریندر مودی تلنگانہ کی تاریخ سے واقف نہیں اور تلنگانہ کے بارے میں بے بنیاد باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مودی کی کوئی لہر نہیں ہے۔ کے سی آر نے ریمارک کیا کہ مودی گیدی ہم کچھ نہیں جانتے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ مرکز میں تیسرا محاذ برسر اقتدار آئے گا۔ کے سی آر نے مودی کے اس بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بھارت ماتا نے آنسو بہائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح نریندر مودی مخالف تلنگانہ چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان کے بہکاوے میں آچکے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ بی جے پی قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ مودی کے مخالف تلنگانہ ریمارکس کی وضاحت کریں یا پھر تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کریں۔ کے سی آر نے کہاکہ نریندر مودی تلنگانہ تحریک کی توہین کرتے ہوئے بیانات دے رہے ہیں۔ ان کے بیانات سے تلنگانہ عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا نریندر مودی تلنگانہ تحریک اور اس کے دوران عوامی قربانیوں سے واقف ہیں؟۔ آندھرا بابو کو ساتھ رکھتے ہوئے مودی کا اس طرح کا بیان مناسب نہیں۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بھارت ماتا کو یقیناً خوشی ہوئی ہوگی۔ چندر شیکھر راؤ نے انتخابی منشور کا حوالہ دیتے ہوئے اقلیتوں کو یقین دلایا کہ ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کیلئے 12فیصد تحفظات پر بہر صورت عمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ درج فہرست قبائیل کیلئے بھی 12فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔