ملک میں فرقہ واریت اور بدامنی کا دور

سالمیت کو خطرہ ، سیکولر ادارے سرگرم رول ادا کریں : تیستا سیتلواد
حیدرآباد۔ 21 مئی (سیاست نیوز) ممتاز سماجی جہد کار و صحافی شریمتی تیستا سیتلواد نے کہا کہ ان دنوں ہمارا ملک انتہائی نازک دور سے گذر رہا ہے اور ہندوستان کی سیاسی، سماجی، معاشی صورتحال انتہائی سنگین ہوتی جارہی ہے۔ ملک میں فرقہ واری اور ذات پات کی سیاست، انسانی حقوق کی پامالی، فرقہ وارانہ تشدد، فرقہ وارانہ جنون کا دور دورہ ہے جس کے نتیجہ میں ملک کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ شریمتی تیستا سیتلواد آج سندریا وگنان کیندرم مینیجنگ کمیٹی کے زیراہتمام منعقدہ ’’سندریا میموریل لیکچر‘‘ سے مخاطب تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت مخالف عوام، مخالف کسان، مخالف مزدور پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس کے نتیجہ میں ملک میں سیاسی عدم استحکام، انتشار اور بدامنی پھیلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ، مذہب کی سیاست کررہی ہے اور کہا کہ بی جے پی کی زیراثر بھگوا تنظیموں کی جانب سے ملک میں مذہبی منافرت پھیلائی جارہی ہے ۔کمزور اور پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ ایس سی، ایس ٹی اور مائناریٹیز کے حقوق کی پامالی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تعلیمی نظام کو زعفرانی تعلیم سے مربوط کیا جارہا ہے اور تعلیمی نصاب میں من گھڑت مواد شامل کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں ملک کے حالات گمبھیر ہورہے ہیں۔ انہوں نے ملک کی تمام سیکولر تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ملک کو درپیش خطرات سے محفوظ رکھتے ہوئے سیاسی استحکام کی بقاء کیلئے جدوجہد کریں۔ چیرمین ایس وی کے ٹرسٹ مسٹر بی وی راگھولو، سیکریٹری ایس وی کے مینیجنگ کمیٹی مسٹر ایس ونئے کمار، سیکریٹری ایس وی کے ٹرسٹ مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے بھی مخاطب کیا۔