متاثرہ مقامات کو امداد روانہ کرنے حکومت سے سی پی آئی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( این ایس ایس) : سی پی آئی نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور سیلاب کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ملک کی ریاستیں آسام ، بہار ، جھارکھنڈ ، اترکھنڈ ، یو پی اور دہلی کے چند علاقے بھاری بارش کے سبب سیلاب سے متاثر ہوگئے ہیں ۔ سی پی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے متاثرہ ریاستوں میں بڑے پیمانے پر راحت کاری اقدامات کریں ۔ سی پی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ آسام میں 21 اضلاع ، زیر آب ہیں جب کہ یہاں دیگر دو لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ بہار کے 22 اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں ۔ جبکہ تین لاکھ افراد پناہ گزین کیمپ میں مقیم ہیں ۔ اترکھنڈ میں کئی افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ یو پی میں کئی اضلاع زیر آب آچکے ہیں کئی ہلاکتیں ہوچکی ہیں ۔ سی پی آئی نے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں سے خواہش کی کہ وہ متاثرہ مقامات کو فی الفور امداد جاری کریں ۔ سی پی آئی نے سیلاب سے متاثرہ مقامات پر راحت کاری اقدامات کیلئے اپنے کارکنوں کو روانہ کیا ہے ۔ سی پی آئی نے متاثرہ مقامات پر مناسب طبی امداد روانہ کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔۔