ملک میں سب سے زیادہ سڑک حادثات اور ہلاکتیں

نئی دہلی ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ساری دنیا میں ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں سڑک حادثات کثرت سے ہوتے ہیں اور ہلاکتیں بھی سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں ۔ ڈرائیورس کو خاطر خواہ تربیت کی کمی ، قانون کے نفاذ میں کوتاہیاں ، شاہراہوں کی غیرموثر دیکھ بھال اور ناقص گاڑیاں اکثر ان حادثات کا سبب بنتی ہیں ۔ سڑک حادثات میں بے تحاشہ اضافہ کے پیش نظر حکومت نے پانچ سالہ پراجکٹ تیار کیا ہے جس کا مقصد ہر سال حادثات میں کم از کم 5 فیصد کمی لانا ہے ۔ اس کے علاوہ شاہراہوں سے متعلق قوانین میں بھی تبدیلی لانا ہے ۔ گزشتہ ایک دہے کے دوران کار حادثات میں تقریباً 1.2 ملین ہندوستانی شہری ہلاک ہوئے ۔

اوسطاً ہر چار منٹ میں ایک ہلاکت واقع ہوئی جبکہ 5.5 ملین افراد بری طرح زخمی ہوئے ہیں ۔ دیگر ترقی کرتے ممالک میں جہاں سڑک حادثات میں کمی دیکھی گئی حالانکہ گاڑیوں کی فروخت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے وہیں ہندوستان میں بالخصوص گزشتہ دس سال کے دوران سڑک حادثات میں کافی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ حکومت نے یہ بھی تجویز رکھی ہے کہ جرمانوں کی رقم میں غیرمعمولی اضافہ کردیا جائے اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کیلئے سخت سزائیں مختص کی جائیں ۔ کرپشن بھی سڑک حادثات میں اضافہ کی ایک اہم وجہ ہے کیونکہ درکار معیار پر پورا نہ اترنے کے باوجود لائسنس جاری کردیئے جاتے ہیں

اور بسااوقات یہ جان لیوا فیصلہ ثابت ہوتا ہے ۔ ہندوستان میں آبادی کے تناسب سے ڈرائیور س کی تعداد انتہائی کم ہے ، اوسطاً 1000 افراد کیلئے صرف 41 گاڑیاں موجود ہیں ۔اس کے باوجود سڑک حادثات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق 2009 ء میں ملک بھر میں جملہ 1,60,892 حادثات 2010 ء میں 1,39,396 اسی طرح 2011 ء میں 1,38,264 اور 2012 ء میں 1,27,374 سڑک حادثات پیش آئے ۔ حکومت کی جانب سے سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔