ملک میں رام راج لانے نائب صدرجمہوریہ کی وکالت

رام راج میں خوف ، رشوت اور امتیاز کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوتی
لکھنو ۔ 24جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں رام راج لانے کی وکالت کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہاکہ بھگوان رام کے نام کو مذہب سے منسلک نہیں کیا جانا چاہئے کیوں کہ رام راج میں حکمرانی کا مطلب خوف ، رشوت اور امتیازات نہیں ہوتے ۔ ایک اچھی حکمرانی کیلئے ہر ایک کو ذات پات ، مذہب اور سیاسی رکاوٹوں سے بالاتر ہوکر متحدہ ہونا چاہئے ۔ بھگوان رام کانام کسی بھی خاص مذہب سے جوڑا نہیں جانا چاہئے ۔ بھگوان رام کو ایک آئیڈیل شخص کے طورپر دیکھا جانا چاہئے ۔ ہندوازم ایک مذہب نہیں بلکہ طرز زندگی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس ملک کو ہندوستان نام دیاگیا۔ نائب صدرجمہورے نے یہاں پہلے یوپی دیوس پروگرام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ گورنر رام نائیک اور چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ بھی دیگر شخصیتوں کے درمیان موجود تھے ۔ رام راجیہ میں صرف کرپشن اور امتیاز کی کوئی شکایت نہیں ہوتی ۔ اس کے لئے ہر ایک کو ذات پات ، مذہب اور سیاست سے بالاتر ہوکر باہم متحد ہونا چاہئے ۔ اس ملک میں رہنے والا ہر فرد آپس میں ایک دوسرے کا بھائی ہے ۔ ہر ایک کو ذات پات اور مذہب کی سیاست سے دور رہنا چاہئے ۔ ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ ہم ایک مستحکم حکومت لائیں اور ملک میں اچھی فضاء قائم کریں۔