ملک میں دوسرے سبز انقلاب کی قیادت علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کریگی

جامعہ کا نظام تعلیم سکیولر و کردار اسلامی : تہنیتی تقریب سے وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ کاخطاب
حیدرآباد ۔ /18 ستمبر (سیاست نیوز) علیگڑھ مسلم یونیور سٹی میں نظام تعلیم سیکولر ہے اور یونیور سٹی کا کردار اسلامی ہے ۔ یونیورسٹی کے اسلامی کردار کی برقراری یونیورسٹی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنے بانی سرسید احمد خان کے مشن عصری و سائنسی تعلیم برائے ملت پر گامزن ہے ۔ وائس چانسلر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے آج انڈو عرب لیگ حیدرآباد کے زیراہتمام صدرنشین انڈوعرب لیگ جناب سید وقار الدین قادری ایڈیٹر رہنمائے دکن کی قیامگاہ پر تہنیتی تقریب سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے 2017 ء تک ملک کی نمبر ایک یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے جبکہ 2020ء تک عالمی سطح کی 200 یونیورسٹیز کی فہرست میں شامل ہونے کا نشانہ طئے کررکھا ہے ۔ لیفٹننٹ جنرل شاہ نے بتایا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ ملک میں دوسرے سبز انقلاب کی قیادت علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کریگی ، چونکہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی انفارمیشن ٹکنالوجی کے دور سے آگے نکلتے ہوئے نینو ٹکنالوجی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی ، علاج و معالجہ کے علاوہ دیگر معاملات بالخصوص آبی قلت کو دور کرنے یونیورسٹی طلبا گراں قدر کام انجام دے رہے ہیں ۔ تقریب میں جناب سید وقار الدین قادری ایڈیٹر رہنمائے دکن ، جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست ، مسٹر این نرسمہا ریڈی وزیر داخلہ تلنگانہ ، جسٹس شاہ محمد قادری ، پروفیسر محمد میاں وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی ، پروفیسر فیضان مصطفیٰ وائس چانسلر نلسار یونیورسٹی ، جناب ایس اے ہدیٰ آئی پی ایس ، جناب ایم اے باسط سابق ڈی جی پی ، جناب شیخ محمد اقبال آئی پی ایس ، جناب عمر جلیل آئی اے ایس ، جناب محمد جلال الدین اکبر آئی ایف ایس ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی ، جناب عزیز بیگ ، پروفیسر سید جہانگیر ، جناب میر اکبر علی خان کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے بتایا کہ ملک میں مسلمانوں کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے بتایا کہ جو لوگ اس احساس کمتری کا شکار ہیں کہ متعصبانہ رویہ کے باعث انہیں برابری کے حقوق حاصل نہیں ہوتے تو انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ ناخواندہ کے علاوہ کسی بھی فرد سے تعصب نہیں برتا جاسکتا ۔