ملک میں خاتون لیبرس انصاف رسانی سے محروم

حقوق کی فراہمی پر توجہ دینے کا مشورہ ، مئی ڈے تقریب سے کویتا کا خطاب
حیدرآباد یکم مئی (سیاست نیوز)ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا نے کہا کہ ملک میں خاتون لیبرس ابھی بھی انصاف سے محروم ہیں۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خاتون لیبرس کے حقوق کی فراہمی پر توجہ دیں۔ کویتا آج یوم مئی تقاریب سے خطاب کررہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کے حکمرانوں نے تلنگانہ میں کئی اداروں کو جان بوجھ کر تباہی سے دوچار کیا ۔ آلوین جیسے اہم ادارے کو بند کردیا گیا جس سے ہزاروں کی تعداد میں ورکرس روزگار سے محروم ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کے حکمرانوں نے لیبر اور ورکرس کی بھلائی پر کبھی بھی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو دورہ حکومت میں کئی سرکاری اداروں کو خانگی شعبہ کے حوالے کرتے ہوئے ورکرس کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ۔ انہوں نے نظام شوگر فیاکٹریز کا حوالہ دیا جسے تلگودیشم دور حکومت میں خانگی شعبہ کے حوالے کردیا گیا تھا۔ انہو ںنے کہا کہ تلنگانہ حکومت نظام شوگر فیاکٹری کا احیاء کرتے ہوئے ورکرس کے ذریعہ اسے منافع بخش ادارے میں تبدیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے آنگن واڑی ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے اس کے علاوہ 3 لاکھ 70 ہزار بیڑی ورکرس کو تلنگانہ حکومت نے ماہانہ ایک ہزار روپئے وظیفہ کا اعلان کیا ۔ کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ورکرس اور لیبر کی بھلائی میں سنجیدہ ہے اور انہیںمناسب تنخواہوں کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔