ملک میں تمام ایرپورٹس پر سخت چوکسی

نئی دہلی 9 جون (سیاست ڈاٹ کام ) کراچی انٹرنیشنل ایر پورٹ پر طالبان کے حملے کے بعد ہندوستان میں تمام ایر پورٹس پر انتہائی سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج سرکردہ سکیوریٹی عہدیداروں بشمول قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول اور ڈائرکٹر انٹلی جنس بیورو آصف ابراہیم کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اس کے بعد ایر پورٹس پر چوکسی اختیار کی گئی۔ سنٹرل انڈسٹریل سکیوریٹی فورس کویک ری ایکشن ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور سکیوریٹی عملہ کو چوکسی بڑھا دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ تمام ایر پورٹس پر سکیوریٹی آڈٹ کا کام بھی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ساحلی بندرگاہوں پر بھی اسی طرح کے سکیوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کراچی ایر پورٹ پر دہشت گرد حملہ کی تفصیلات حاصل کی اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام اقدامات کئے جائیں جن کے ذریعہ ہندوستان میں ایسی کوئی بھی کوشش ناکام ہوجائے۔کراچی ایر پورٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کرتے ہوئے سکیوریٹی فورسس کے ساتھ تقریباً 13 گھنٹے طویل لڑائی جاری رکھی جس میں تمام 10 دہشت گردوں کے بشمول 28 افراد ہلاک ہوگئے ۔