کولکتہ 5 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج اس بات پر زور دیا کہ ملک میں اعلی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا چاہئے تاکہ ملک عالمی سطح پر اعلی تعلیم کا ایک مرکز بن کر ابھر سکے ۔ صدر جمہوریہ نے آچاریہ ستیش چندرا مکرجی کی 150 سالہ یوم پیدائش تقرابے کا یہاں قومی تعلیمی کونسل میں افتتاح کرتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ انہیں اس بات پر بہت افسوس ہوتا ہے کہ دنیا بھر کی 200 سر فہرست یونیورسٹیز میں ایک بھی ہندوستانی ادارہ کو جگہ نہیں مل سکی ہے ۔ ہندوستان بھر میں جملہ 600 یونیورسٹیز ہیں جبکہ 30,000 ڈگری کالجس ہیں ۔ اس کے علاوہ 16 آئی آئی ٹیز کام کرتے ہیں ۔ ان میں سے کسی کو بھی عالمی معیار کا ادارہ نہیں کہا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے تعلیمی نظام کو بہتر بنائیں جس کے ذریعہ نہ صرف معیاری اور بہتر تعلیم دی جاسکے
بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جاسکے کہ ہندوستان عالمی سطح پر اعلی تعلیم کا ایک مرکز بن سکے ۔ قدیم نالندہ اور تکشیلا یونیورسٹیز کے اعلی معیار کی ستائش کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو چاہئے کہ وہ عالمی سطح کی یونیورسٹیز میں اپنی جگہ بنانے کی جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا کھویا ہوا سنہری دور واپس لانا زیادہ مشکل نہیں ہے مگر بشرطیکہ ہم اس کیلئے اچھی کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں بہتری لانے کیلئے ضروری ہے کہ پرجوش اساتذہ کی ایک ٹیم تیار کی جائے ’ عالمی تعلیمی برادری کے ستاھ قریبی تعلقات برقرار رکھے جائیں اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ نیشنل نیٹ ورک آف ٹکنالوجی سے استفادہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کیلئے پرجوش انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ قومی تعلیمی کاز میں اہم رول ادا کرنے والے ستیش چندرا 5 جون 1865 کو مغربی بنگال کے ضلع ہوگلی میں پیدا ہوئے تھے ۔ صدر جمہوریہ نے ستیش چندرا کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ گورنر مغربی بنگال ایم کے نارائن نے تعلیمی میگزین دی ڈان کی رسم اجرائی انجام دی ۔ گورنر چھتیس گڑھ شیکھر دت بھی تقریب میں شریک رہے۔