سی پی آئی(ایم ) کے ریاستی کنونشن سے رکن راجیہ سبھا سیتارام یچوری اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔۔5اکٹوبر( رہنماء نیوز بیورو) ملک ان دنوں سنگین حالات سے گذررہا ہے ۔ مسٹر نریندر مودی حکومت میں مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہورہے ہیں ۔ سی پی آئی ایم ‘تمام سیکولر پارٹیوں کو متحد کرکے فرقہ پرستی کے خلاف آواز اٹھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر سیتا رام ایچوری جنرل سکریٹری سی پی آئی ایم نے آج دوپہر جناب سید وقار الدین چیف ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن و چیرمین انڈو عرب لیگ کی رہائش گاہ پر ملاقات میں بتائی۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست ‘ مسٹر کے نارائنا سی پی آئی مسٹر ویرا بھدرم سکریٹری سی پی ایم تلنگانہ‘ ڈاکٹر میر اکبر علی خان نائب صدر نشین انڈو عرب لیگ‘ جناب شیخ ابوبکر سکریٹری انڈو عرب لیگ ‘ جناب طارق پاشاہ قادری ایڈوکیٹ‘ مسٹر مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان‘ مسٹر عثمان الہاجری صدر دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی‘ مسٹرڈی جی نرسمہا رائو سی پی ایم‘ ڈاکٹر مقبول احمد ‘ مسٹر محمد علی ( آواز)اور دیگر موجود تھے۔ مسٹر سیتارام ایچوری نے بتایاکہ بعض سیکولر پارٹیاں نہ جانے کیوں عظیم اتحاد سے خود کو الگ کرکے فرقہ پرست طاقتوں کو مضبوط کررہی ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ برسوں سے ایک علاقہ میں محدود رہنے والی جماعت اپنے دائرہ کو وسعت دے رہی ہے جس کے باعث مسلم ووٹ منتشر ہونے کے قوی امکانات پیدا ہوگئے ہیں اور اس سے راست بی جے پی کو فائدہ ہوگا اور یہ بات سارے ملک میں عام ہوگئی ہے کہ بی جے پی کی ایماء پرہی مبینہ طورپر ایک سیاسی جماعت بہار کے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ مسٹر ایچوری نے بتایاکہ دادری کے واقعہ پر مرکزی حکومت کا رول انتہائی شرمناک ہے۔ مرکزی وزیر مسٹر مہیش شرما کا بیان ایک ذمہ دار وزیر کو زیب نہیں دیتا ۔ مسٹر ایچوری نے بتایاکہ مظفر نگرمیں جولوگ فساد میں ملوث تھے وہی افراد اب دادری میں آزادگھوم رہے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ سی پی آئی ایم کی یہ کوشش ہے کہ تمام سیکولر جماعتوں کو متحد کرکے فرقہ پرستی کے خلاف جنگ لڑی جائے۔