نئی دہلی ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت نے قومی شاہراہوں اور ایکسپریس ویز پر واقع تقریبا 62 ٹول پلازا کو تعمیری لاگت کی بازیابی اور مفاد عامہ کے پیش نظر بند کردئیے ہیں ۔ لوک سبھا میں آج وقفہ صفر کے دوران مملکتی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز مسٹر رادھا کرشنن نے بتایا کہ جن ریاستوں میں ٹول پلازاؤں کو بند کردیاگیا ہے ۔ ان میں آندھرا پردیش ، بہار ، چھتیس گڑھ ، گجرات ، کرناٹک ، کیرالا ، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹرا ، منی پور ، اڈیشہ ، راجستھان ، تاملناڈو ، تلنگانہ اور اترپردیش شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹول پلازاؤں سے محصلہ جملہ آمدنی سال 2012-13 میں 9283.23 کروڑ اور سال 2013-14 میں 11,436.59 کروڑ اور سال 2014-15 میں 14,214.48 کروڑ روپئے تھی ۔ جب کہ وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی نگرانی میں نیشنل ہائی ویز اور ایکسپریس ویز پر واقع ٹول پلازا سے متعلق اطلاعات ایک ویب پورٹل nhits.org پر فراہم کردی گئی ہے ۔ جس میں مختلف زمروں کی گاڑیوں کے لیے شرح فیس ، ایمرجنسی رابطہ نمبر بھی دستیاب رہے گا ۔۔